برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے ہاؤس آف لارڈز کے ارکان نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے قیام میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا میں پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جہاں ارکان نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور امن عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
ارکانِ پارلیمنٹ نے کہا کہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے، مذاکرات کی راہ ہموار کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم سے برطانیہ کے مشیر قومی سلامتی کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
15 جون کو ہونے والے اجلاس کے دوران متعدد برطانوی پارلیمنٹیرینز نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی قیادت کی کوششوں کی تعریف کی۔
لارڈ باربر آف چٹل ہیمپٹن نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کو ان کی امن کوششوں پر باضابطہ مبارکباد پیش کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی خدمات قابلِ ستائش ہیں اور انہیں اس کا مناسب اعتراف ملنا چاہیے۔

اس موقع پر بیرونس چیپمین نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کو اس مقام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا جہاں جنگ بندی اور امن معاہدے کی جانب پیش رفت ممکن ہوئی۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی سفارتی کوششوں کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ تعریف اور تحسین کے مستحق ہیں۔
بیرونس چیپمین نے مزید کہا کہ پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں نے امریکا اور ایران کے درمیان مکالمے اور اعتماد سازی کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا، جبکہ یہ امن معاہدہ مستقبل میں دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

دریں اثنا، لارڈ احمد آف ومبلڈن نے بھی مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے پاکستانی قیادت کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ایوان کے تمام ارکان اور متعلقہ وزیر امریکا ایران امن عمل میں پاکستان کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہیں۔
ان کے مطابق پاکستان نے علاقائی استحکام، سفارت کاری اور امن کے فروغ میں قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔

لارڈ احمد نے پاکستان اور قطر کی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی مسلسل حمایت اور سفارتی کوششوں نے خطے میں امن و استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے اردو میں اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا بہت بہت شکریہ۔
برطانوی پارلیمنٹ میں ہونے والی اس بحث کے دوران مجموعی طور پر پاکستان کی سفارتی کامیابیوں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور امریکا و ایران کے درمیان مذاکرات اور جنگ بندی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو عالمی امن کے لیے ایک مثبت اور اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔













