وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والی خواتین ارکانِ پارلیمنٹ نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں بجٹ 2026-27، خواتین کی فلاح و بہبود، عوامی منصوبوں اور ملکی معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے بجٹ اجلاس میں خواتین ارکان کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت نے نئے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے اور خواتین کو قومی دھارے میں مؤثر کردار دینے کے لیے خصوصی اقدامات شامل کیے ہیں۔
اسلام آباد: 17 جون 2026۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والی خواتین ارکانِ پارلیمنٹ کی ملاقات آج اسلام آباد میں ہوئی. وزیرِ اعظم نے خواتین ارکان پارلیمنٹ کا خیر مقدم کیا اور جاری بجٹ اجلاس میں بھرپور شرکت پر بھی شکریہ کا اظہار کیا.
وزیرِ اعظم نے اس موقع پر… pic.twitter.com/49Z04mgWCk
— Prime Minister's Office (@PakPMO) June 17, 2026
ملاقات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی خواتین کو قومی ترقی میں مکمل کردار ادا کرنے کے قابل بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں خواتین کی معاشی خودمختاری، تعلیم اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے خطے کی حالیہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل سے کشیدگی کے بادل چھٹ چکے ہیں اور قیامِ امن کی کوششیں کامیاب ہوئی ہیں۔ انہوں نے امن کے قیام میں معاونت کرنے والے دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور حکومتی ٹیم نے امن کے لیے بھرپور اور مخلصانہ کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں:برطانوی پارلیمنٹ میں شہباز شریف کی امن کوششوں کو خراجِ تحسین
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کی معاشی ترقی کا خواب صرف پائیدار امن کے قیام سے ہی شرمندۂ تعبیر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران حکومت نے عالمی مہنگائی کے اثرات سے عوام کو بچانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا اور بہتر منصوبہ بندی کی بدولت ملک میں کسی بحران نے جنم نہیں لیا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے متوسط اور کم آمدنی والے طبقات کے لیے تاریخی ریلیف پیکجز متعارف کرائے۔ انہوں نے کہا کہ 128 ارب روپے کی سبسڈی اور کفایت شعاری مہم کے ذریعے عوامی مشکلات کم کرنے کی کوشش کی گئی، جبکہ قربانیوں کا آغاز کابینہ اور سرکاری اداروں سے کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ ایک عوام دوست بجٹ ہے جو صنعت کا پہیہ تیز کرنے اور برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔ آئندہ بجٹ میں آبی ذخائر، آئی ٹی، زراعت اور معدنیات کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ قومی معیشت کو مضبوط بنیادیں فراہم کی جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:19 جون کو جنیوا میں ایران امریکا امن معاہدہ تقریب کی میزبانی پاکستان کرے گا، وزیراعظم شہباز شریف
خواتین ارکانِ پارلیمنٹ نے عالمی اور علاقائی سطح پر امن کے قیام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق بجٹ اقدامات پر وزیراعظم اور معاشی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ارکان نے اپنے اپنے حلقوں میں جاری عوامی فلاحی منصوبوں، تعلیم، صحت، روزگار، صنعت، مواصلات اور غذائی تحفظ سے متعلق تجاویز بھی وزیراعظم کے سامنے پیش کیں۔
ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وزیر جنرل ایڈمنسٹریشن یونٹ رانا مبشر اقبال، وزرائے مملکت شزرہ منصب علی خان کھرل، وجیہہ قمر اور معاونِ خصوصی طلحہ برکی بھی شریک تھے۔














