آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے انتخابی شیڈول میں ترمیم کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی اخری تاریخ 23جون مقرر کردی ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق امیدواروں کی جانب سے نامزدگی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی درخواست کی گئی تھی، جس پر مثبت فیصلہ کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے شیڈول کو بدلا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انتخابی شیڈول آئینی و قانونی تقاضوں کے مطابق جاری کیا گیا، الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کی وضاحت
کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 23 جون 2026 شام 5 بجے مقرر کی گئی ہے، جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 جون کو صبح 8 بجے سے شروع ہوگی اور درست امیدواران کی فہرست بھی اسی روز جاری کر دی جائے گی۔
ریٹرننگ آفیسر کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 25 سے 28 جون تک دائر کی جا سکیں گی، جن کی سماعت الیکشن کمیشن 29 اور 30 جون کو کرے گا، جبکہ اپیلوں پر فیصلے ایک اور 2 جولائی کو سنائے جائیں گے۔

کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 3 جولائی دوپہر 2 بجے مقرر کی گئی ہے، جبکہ امیدواران کی فہرست 4 جولائی کو شائع کی جائے گی۔ انتخابی نشانات 5 جولائی کو الاٹ کیے جائیں گے اور حتمی امیدواران کی فہرست انتخابی نشانات کے ساتھ اسی روز جاری کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر الیکشن: مہاجرین کی 12 نشستوں سمیت 45 انتخابی حلقوں کی حتمی فہرست جاری
پونچھ (راولاکوٹ) کے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی متعلقہ ریٹرننگ آفیسران کے پاس جمع کروائیں گے اور ان کی جانچ پڑتال بھی ضلع پونچھ (راولاکوٹ) میں ہی کی جائے گی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ متوقع امیدواران کی درخواست، عوامی سہولت اور تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابی شیڈول میں ترمیم کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ اور وقت کے اندر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانا یقینی بنائیں۔ یاد رہے کہ آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے پولنگ 27 جولائی 2026 کو ہوگی۔













