خواجہ آصف نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو سینیٹ اور قومی اسمبلی کی نمائندگی دینے کی بلاول بھٹو کی تجویز کی حمایت کردی

جمعرات 18 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر دفاع خواجہ آصف نے خواجہ آصف نے عبوری بنیادوں پر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو سینیٹ اور قومی اسمبلی کی براہ راست نمائندگی دینے کی بلاول بھٹو کی تجویز کی حمایت کردی ہے۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں پاکستان کی تاریخ، کشمیری مہاجرین کی قربانیوں، سینیٹ کے انتخابی نظام اور ملک کی آئینی و سیاسی صورتحال پر کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنے خاندانی پس منظر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے آباؤاجداد بھی ‘150’ سال پہلے کشمیر سے ہجرت کر کے پاکستان آئے تھے، اس لیے وہ ان معاملات کی حساسیت کو بخوبی سمجھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں ریاست مخالف ایجنڈا نافذ کرنے کی اجازت نہیں دی جائےگی، خواجہ آصف نے ایکشن کمیٹی پر واضح کردیا

انہوں نے اسمبلی کے ریکارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ کشمیریوں نے تحریکِ آزادی کو اپنے خون سے لکھا ہے اور انگریز مصنفین کی کتابوں میں بھی ‘224,000’ کشمیری شہدا کا ذکر موجود ہے، لہٰذا ان کے حقوق اور ووٹ بینک کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ نہیں ہونی چاہیے۔

خواجہ آصف نے پاکستان کی تخلیق کے لیے مشرقی پنجاب سے ہجرت کرنے والے مہاجرین کی لازوال قربانیوں کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا اپنا خاندان ہجرت کر کے آیا تھا، پٹھان کوٹ، گورداسپور، ہوشیار پور، جالندھر، امرتسر اور انبالہ جیسے مشرقی پنجاب کے اضلاع سے آنے والے مہاجرین نے، جو اب اوکاڑہ، فیصل آباد اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں آباد ہیں، ملک کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

آزاد کشمیر میں مقبوضہ کشمیر کے مہاجرین کی 12 نشستیں ایک جذباتی نوعیت کا مسئلہ ہے کیونکہ مہاجرین کی ایک بہت بڑی تعداد خود آزاد کشمیر میں بھی آباد ہے، سمجھتا ہوں مقبوضہ کشمیر کے مہاجرین کا حق کبھی ختم نہیں ہونا چاہے۔

یہ بھی پڑھیں: 2025 کا انٹرویو اچانک وائرل، وزیر دفاع خواجہ آصف کے انٹرویو کو بھارتی میڈیا سیاق سباق سے ہٹ کر پیش کرنے لگا

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے آئینی مستقبل اور وہاں انتخابی نظام میں تبدیلیوں کے حوالے سے انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مؤقف سے اتفاق کیا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ‘1947’ سے لے کر ‘2027’ تک پرانا نظام اسی طرح نہیں چل سکتا اور اب وقت آ گیا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے آئینی نظام میں جدت لائی جائے تاکہ دنیا کو یہ پیغام جائے کہ یہ پاکستان کا مستقل حصہ ہیں۔

انہوں نے بلاول بھٹو کے اس بیان کی بھی تائید کی جس میں عبوری بنیادوں پر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے سینیٹرز اور ارکانِ قومی اسمبلی کو براہِ راست نمائندگی دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

سینیٹ کے موجودہ ڈھانچے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ وہ ‘1991’ میں خود سینیٹر منتخب ہوئے تھے اور ان کے والد بھی سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف رہ چکے ہیں، لیکن وہ سینیٹ کے موجودہ بالواسطہ انتخابی نظام سے شدید اختلاف رکھتے ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد سینیٹ نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سمیت کئی ایسے اختیارات حاصل کر لیے ہیں جو صرف براہِ راست منتخب ارکان کا حق ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: عوامی ایکشن کمیٹی آزاد کشمیر میں انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف

 انہوں نے تجویز دی کہ اگر سینیٹ کا وجود برقرار رکھنا ہے تو سینیٹرز کا انتخاب براہِ راست ‘ون مین ون ووٹ’ کی بنیاد پر عوامی ووٹوں سے ہونا چاہیے تاکہ امریکی سینیٹ کی طرح ان کی آئینی حیثیت مستند ہو، ورنہ سینیٹ کو ختم کر کے قومی اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ کر دیا جائے۔

انٹرویو کے آخری حصے میں ملکی سلامتی اور ماضی کی پالیسیوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے پارلیمنٹ میں ایسے لوگ بھی موجود رہے ہیں جن کا تعلق مبینہ طور پر افغان شہریت سے تھا اور وہ حامد کرزئی اور احمد شاہ مسعود جیسے افغان رہنماؤں کے ساتھی رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے گہرے دکھ کے ساتھ کہا کہ ماضی کی غلط حکمتِ عملیوں کی وجہ سے اجنبی لوگ ہماری پارلیمنٹ تک پہنچ گئے اور آج افغانستان کا مسئلہ ہمارے گلے کا ڈھول بن چکا ہے جسے ہم بجانے پر مجبور ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

آزاد کشمیر میں حکومت سازی، نواز شریف کے خواتین کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کے انٹرویوز

پاکستان نے ویمنز ایشیا کپ اور ایشین گیمز کے لیے اسکواڈز کا اعلان کردیا

افغانستان کے ضلع نوسے میں لڑائی پانچویں روز بھی جاری، مواصلاتی نظام مکمل بند

راولاکوٹ: کالعدم ایکشن کمیٹی کی پرتشدد کارروائیاں جاری، حملے میں ایف سی اہلکار زخمی

انڈونیشیا میں زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50 سے تجاوز، 5 ہزار سے زیادہ شہری محفوظ مقامات پر منتقل

ویڈیو

آزاد کشمیر میں موجودہ صورتحال تشویشناک ہے، ماضی کی حکومتوں نے ذمہ داری نہیں نبھائی، نواز شریف

آبنائے ہرمز پر ایران کا قبضہ برقرار، عوام مہنگے پیٹرول کے لیے تیار ہوجائیں، صدر ٹرمپ کا امریکیوں کو پیغام

ایٹمی پلانٹ بچانے کی انوکھی تدبیر، ہنگری کا ندی میں 2 بڑے بحری جہاز ڈبونے کا فیصلہ

کالم / تجزیہ

انکار کا اعزاز

چربیلی آگ پر چل کر سچائی ثابت کرنا

مایوس ہونے سے پہلے یہ حساب کتاب بھی کر لیں