جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کور کمیٹی کے رکن راجہ امجد علی خان نے کمیٹی سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی سرگرمیوں سے دور رہیں جو ان کے مستقبل کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
راجہ امجد علی خان، جو ایکشن کمیٹی کے اہم رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے، نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ پرامن تحریک کا رخ تبدیل کر کے اسے پاکستان اور کشمیر کے تعلق کو ختم کرنے کے لیے استعمال کیا گیا، جبکہ سادہ لوح نوجوانوں کو جیلوں میں پہنچایا گیا۔
ایکشن کمیٹی کے کور ممبر راجہ امجد علی خان نے ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ..
امجد علی خان نے نوجوانوں سے اپیل بھی کردی ۔۔ pic.twitter.com/ke5xMoNmwp— Azadkashmiraffairs (@AzadKashAfairs) June 20, 2026
انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام کے بنیادی مسائل آٹا، بجلی اور روزگار ہیں، جن کا حل تعمیری سیاست اور پرامن جدوجہد سے ممکن ہے۔
راجہ امجد علی نے اعلان کیا کہ آج کے بعد ان کا کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی یا پاکستان مخالف کسی بھی آواز، قوم پرست یا الگ ہندوستان کی حمایت کرنے والی کسی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی، 154 رہنما و کارکن فورتھ شیڈول میں شامل
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے مستقبل کو ایسی سرگرمیوں کی نذر نہ کریں اور مسائل کے حل کے لیے مثبت اور آئینی راستہ اختیار کریں۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل حکومت کی جانب سے راجہ امجد علی خان سمیت بعض افراد کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس پیشرفت کے بعد راجہ امجد علی کی جانب سے ایکشن کمیٹی سے علیحدگی کا بیان سامنے آیا ہے۔














