لندن میں وائٹ سٹی کی عمارت میں آتشزدگی، 3 افراد ہلاک، تحقیقات جاری

اتوار 21 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانوی دارالحکومت لندن کے علاقے وائٹ سٹی میں ایک عمارت میں خوفناک آگ لگنے کے واقعے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ عمارت کا ایک بڑا حصہ شدید متاثر ہوا ہے۔ واقعے کے بعد ریسکیو اور فائر بریگیڈ ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق آگ لگنے کے بعد عمارت میں شدید دھواں بھر گیا، جس کے باعث امدادی کارروائیاں انتہائی مشکل صورتحال میں کی گئیں۔ فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ عملے نے عمارت سے کئی افراد کو نکالا جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ ان کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ پولیس نے واقعے کی باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:برطانیہ کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے قریب آتشزدگی اور پروازیں متاثر ہونے کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز

فائر بریگیڈ کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے تاہم عمارت کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

لندن پولیس اور فائر حکام نے مشترکہ طور پر اس واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آ سکیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp