سوئٹزر لینڈ: شہباز شریف کی جرمن زبان میں گفتگو نےصحافیوں کو حیران کر دیا

اتوار 21 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک پہنچ گئے، جہاں آمد کے موقع پر انہوں نے وہاں موجود صحافیوں سے جرمن زبان میں مختصر گفتگو کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے برگن اسٹاک پہنچنے پر مقامی صحافیوں سے جرمن زبان میں بات کرتے ہوئے خیرسگالی کا اظہار کیا، جبکہ ان کا یہ دورہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر پیش رفت کے لیے ہونے والے اہم سفارتی رابطوں کے سلسلے میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا ایران اعلیٰ سطحی مذاکرات، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف کی آمد کے موقع پر موجود صحافیوں نے ان کا استقبال کیا، جس پر وزیراعظم نے جرمن زبان میں ان سے مخاطب ہو کر شکریہ ادا کیا۔ اس مختصر گفتگو کو سفارتی حلقوں میں خیرسگالی کے اظہار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

وزیراعظم کے علاوہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی سوئٹزرلینڈ پہنچے ہیں، جہاں دونوں رہنما امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی عمل سے متعلق اعلیٰ سطحی مذاکرات میں شریک ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ سوئٹزرلینڈ کا مقصد کیا ہے؟

وزیراعظم شہباز شریف سوئٹزرلینڈ اس لیے گئے ہیں کہ وہ امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ (ایم او یو) پر عملدرآمد کے لیے ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی کریں۔ یہ مذاکرات 17 جون کو طے پانے والے معاہدے کے بعد پہلا اہم سفارتی مرحلہ قرار دیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:تعطل کے بعد ایران امریکا مذاکرات کا دوبارہ آغاز، پاکستان ثالثی میں متحرک

ان مذاکرات میں امریکا، ایران اور قطر کے اعلیٰ سطحی وفود بھی شریک ہوں گے۔ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کیا تھا، اور اب اسلام آباد اس عمل کو آگے بڑھانے کے لیے سفارتی رابطوں میں مصروف ہے۔

دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی امریکا، ایران، قطر اور سوئٹزرلینڈ کے وفود سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں علاقائی امن، مذاکراتی عمل اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے اقدامات پر بات چیت کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp