الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی مزید 31 نشستوں کے ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا۔
ہفتہ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق ان نشستوں پر ضمنی الیکشن 19 مارچ کو ہوگا۔
شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 10 سے 14 فروری تک جمع کرائے جاسکیں گے جن کی اسکروٹنی 18 فروری تک ہوگی۔
ضمنی انتخابات کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی پر اپیلیں 22 فروری تک جمع کرائی جائیں گی۔ جن پر فیصلہ 27 فروری تک ہوگا۔ کاغذات نامزدگی یکم مارچ تک واپس لیے جاسکیں گے جب کہ امیدواروں کو انتخابی نشان دو مارچ کو الاٹ کیے جائیں گے۔
دریں اثنا الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی نمائندوں کو معطل کر دیا تھا جس کا مقصد دونوں صوبوں میں قومی و صوبائی انتخابات کی شفافیت یقینی بنانا ہے۔ علاوہ ازیں کنٹونمنٹ بورڈز کے نمائندے بھی معطل رہیں گے۔