گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ کون ہیں؟

پیر 22 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ بلامقابلہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان منتخب ہوگئے ہیں۔

گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں قائد ایوان کے انتخاب کے دوران کسی رکن نے امجد ایڈووکیٹ کے خلاف کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے، اور بلامقابلہ ان کے منتخب ہونے کا اعلان کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان اسمبلی: پیپلز پارٹی کے عمران ندیم اسپیکر، ن لیگ کے کفایت الرحمان ڈپٹی اسپیکر منتخب

نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ کون ہیں؟

امجد حسین ایڈووکیٹ 2016 سے پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر ہیں اور حالیہ عام انتخابات میں انہوں نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے حلقہ گلگت ایک سے کامیابی حاصل کی۔

امجد حسین ایڈووکیٹ ایک معروف وکیل ہیں اور گلگت بلتستان کے قانونی و آئینی معاملات پر گرفت رکھتے ہیں۔ وہ 2020 سے 2025 تک گلگت بلتستان اسمبلی کے رکن رہے، جبکہ 2009 سے 2014 تک جی بی کونسل کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔

وہ خطے کے واحد سیاست دان ہیں جنہوں نے 2020 میں گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں 2 حلقوں، جی بی اے ون گلگت اور جی بی اے 4 نگر سے الیکشن لڑا۔ اس وقت وفاق میں پیپلز پارٹی اپوزیشن میں تھی، اس کے باوجود امجد حسین دونوں نشستوں پر کامیاب ہوئے، اور بعد میں نگر سے جیتی گئی نشست چھوڑ دی۔

امجد حسین ایڈووکیٹ 2020 سے 2023 تک تحریک انصاف کے خالد خورشید کی سربراہی میں قائم حکومت کے دوران گلگت بلتستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بھی رہے۔

امجد ایڈووکیٹ گلگت بلتستان لینڈ ریفارمز ایکٹ کے محرک بھی تھے، جسے 2025 میں گلگت بلتستان اسمبلی نے منظور کیا، اس قانون کا مقصد مقامی افراد کو زمینوں کا مالک بنانا تھا۔

انہوں نے 2016 میں حق حکومت اور حق ملکیت کی سیاسی تحریک شروع کی، جو بعد میں پیپلز پارٹی کے انتخابی منشور کا حصہ بنی۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان میں پی پی پی اور ن لیگ کے درمیان پاور شیئرنگ فارمولا طے پا گیا، عہدوں کی تقسیم پر بھی اتفاق

امجد حسین ایڈووکیٹ گلگت بلتستان کو صوبائی حیثیت دینے کے حامی رہے ہیں۔

امجد حسین ایڈووکیٹ کی یہ بڑی سیاسی کامیابی ہے کہ مرکز میں مسلم لیگ ن کی حکومت ہونے کے باوجود پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں حکومت بنانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp