آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ جاری، کیوی بولر کی 36 سال بعد پہلی پوزیشن

بدھ 24 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیوزی لینڈ کے مایہ ناز فاسٹ بولر میٹ ہینری نے انگلینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے 36 سال پرانی تاریخ دہرا دی ہے۔

میٹ ہینری نیوزی لینڈ کی کرکٹ تاریخ میں ٹیسٹ بولرز کی فہرست میں سرفہرست پوزیشن حاصل کرنے والے محض تیسرے بولر بن گئے ہیں۔

ہینری نے انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں اپنی سوئنگ اور سیم سے تباہی مچاتے ہوئے میچ میں مجموعی طور پر 11 وکٹیں حاصل کیں، جس میں پہلی اننگز میں 5 جبکہ دوسری اننگز میں 6 قیمتی وکٹیں شامل تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:آئی فون صارفین کیلئے خوشخبری، آئی او ایس 26 کے پوشیدہ فیچرز سامنے آگئے

ان کی اسی غیر معمولی اور میچ وننگ بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں 253 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز برابر کی تھی۔

ریٹنگ پوائنٹس میں جسپریت بمراہ کے برابر

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ کے مطابق، اوول ٹیسٹ کے ہیرو میٹ ہینری اپنی سحر انگیز بولنگ کی بدولت 6 درجے لمبی چھلانگ لگا کر ٹاپ پر پہنچ گئے ہیں۔

وہ اب 870 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بھارت کے مایہ ناز اسٹار پیسر جسپریت بمراہ کے ہمراہ مشترکہ طور پر دنیا کے نمبر ون ٹیسٹ بولر بن چکے ہیں۔

نیوزی لینڈ کی تاریخ میں اس سے قبل صرف رچرڈ ہیڈلی اور کرس کیرنز ہی یہ تاریخی اعزاز اپنے نام کر سکے ہیں۔

بیٹنگ رینکنگ میں جو روٹ کی دوبارہ حکمرانی

دوسری جانب ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں بھی بڑا الٹ پھیر دیکھنے میں آیا ہے جہاں انگلینڈ کے مڈل آرڈر بیٹر جو روٹ نے شاندار کارکردگی کی بدولت دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

مزید پڑھیں:مریم نواز کے خلاف ٹوئٹ، قومی کرکٹر نسیم شاہ پر 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد

انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کی پہلی اننگز میں 46 اور دوسری اننگز میں 77 رنز کی انتہائی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو سہارا دیا تھا۔

اس بہترین فارم کی بدولت انہوں نے رینکنگ میں ہم وطن ہیری بروک اور آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک بار پھر دنیا کے نمبر ون ٹیسٹ بیٹر کا تاج اپنے سر سجا لیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp