آبنائے ہرمز میں جہاز پر حملہ، ٹرمپ کا ایران کو جواب دینے کا عندیہ

ہفتہ 27 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں ایک تجارتی جہاز پر ڈرون حملے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی کارروائی کا جواب دیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق حملے کے دوران چار ڈرونز داغے گئے جن میں سے تین کو ناکام بنا دیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے تجارتی جہاز کو نشانہ بنانے کے واقعے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یہ اقدام پسند نہیں آیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایران امریکا جنگ بندی کے بعد پاکستان کو کون سے بڑے معاشی فوائد مل سکتے ہیں؟

واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی جانب سے جہاز پر حملہ کیا گیا، جس کے دوران چار ڈرونز استعمال کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ تین ڈرونز کو ناکام بنا دیا گیا جبکہ ایک ڈرون جہاز سے ٹکرا گیا۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایران کی اس کارروائی پر امریکا کے ردعمل کے بارے میں جلد معلوم ہو جائے گا، تاہم انہوں نے فوری طور پر کسی ممکنہ کارروائی کی تفصیلات بیان نہیں کیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ آبنائے ہرمز کے قریب پیش آیا، جہاں ایک کارگو جہاز کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعے کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا اور عالمی جہاز رانی کے تحفظ سے متعلق خدشات بڑھ گئے۔

امریکی حکام کے مطابق یہ حملہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے بعد پیش آیا، جس پر واشنگٹن نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد کا جواب تشدد سے دیا جائے گا، تاہم اختلافات کے حل کے لیے بات چیت کا راستہ موجود ہے۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ اگر ایران کو مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے حوالے سے کوئی اعتراض ہے تو وہ براہ راست رابطہ کر کے بات کر سکتا ہے۔ امریکا کسی بھی حملے کو نظر انداز نہیں کرے گا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی کہا ہے کہ واشنگٹن خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے، تاہم ایران کو آبنائے ہرمز کے استعمال پر کسی قسم کی فیس یا ٹول وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے عالمی توانائی کی بڑی مقدار گزرتی ہے، اس لیے یہاں ہونے والی کشیدگی کے اثرات عالمی منڈیوں تک پہنچ سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp