امریکا میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2026 کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، جس کے بعد ٹورنامنٹ اب ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہونے جا رہا ہے۔ اور اگلے مرحلے کا آغاز کل سے ہوگا۔
دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال کے عالمی مقابلے میں گروپ اسٹیج کے اختتام پر 32 ٹیموں نے اگلے مرحلے کے لیے جگہ بنا لی ہے، جب کہ 16 ٹیموں کا ورلڈ کپ کا سفر ختم ہو گیا ہے۔
راؤنڈ آف 32 کا شیڈول
ناک آؤٹ مرحلے کے راؤنڈ آف 32 میں ہر میچ ڈو آر ڈائی ہوگا۔ کامیابی حاصل کرنے والی 16 ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہنچیں گی، جبکہ شکست کھانے والی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائیں گی۔
راؤنڈ آف 32 کا پہلا میچ جنوبی افریقہ اور کینیڈا کے درمیان کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب 12 بجے شروع ہوگا۔
برازیل اور جاپان کی ٹیمیں پیر کی شب 10 بجے آمنے سامنے ہوں گی۔ جرمنی اور پیراگوئے کے درمیان مقابلہ منگل 30 جون کی شب ڈیڑھ بجے کھیلا جائے گا، جب کہ اسی روز صبح 6 بجے نیدرلینڈز اور مراکش کی ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔
آئیوری کوسٹ اور ناروے کا میچ منگل 30 جون کی شب 10 بجے شروع ہوگا، جب کہ فرانس اور سویڈن کے درمیان ٹاکرا یکم جولائی کو رات 2 بجے ہوگا۔
اہم ٹیموں کے بڑے مقابلے
بدھ یکم جولائی کو صبح 6 بجے میکسیکو اور ایکواڈور مدمقابل ہوں گے، جب کہ رات 9 بجے انگلینڈ اور کانگو کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ بیلجیم اور سینیگال کی ٹیمیں 2 جولائی کی شب ایک بجے میدان میں اتریں گی۔
میزبان امریکا کا مقابلہ بوسنیا سے 2 جولائی کی صبح 5 بجے ہوگا۔ اسپین اور آسٹریا کی ٹیمیں 3 جولائی کی شب 12 بجے آمنے سامنے ہوں گی، جب کہ پرتگال اور کروشیا کے درمیان میچ صبح 6 بجے کھیلا جائے گا۔
سوئٹزرلینڈ اور الجیریا کا مقابلہ 3 جولائی کی صبح 8 بجے ہوگا، جب کہ آسٹریلیا اور مصر کی ٹیمیں اسی روز رات 11 بجے ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی۔
ارجنٹینا کا مقابلہ کیپ ورڈے سے ہوگا
دفاعی چیمپیئن ارجنٹینا 4 جولائی کی شب 3 بجے کیپ ورڈے کے خلاف اپنا ناک آؤٹ میچ کھیلے گی۔ راؤنڈ آف 32 کا آخری مقابلہ اسی روز صبح 6 بجے کولمبیا اور گھانا کے درمیان ہوگا۔
راؤنڈ آف 32 کے بعد راؤنڈ آف 16 کا آغاز ہفتہ 4 جولائی سے ہوگا، جس میں کامیاب ہونے والی 8 ٹیمیں کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔














