اڈیالہ جیل کی پریزن وین سے 14 قیدی فرار، 4 کو دوبارہ پکڑ لیا گیا

پیر 29 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اڈیالہ جیل کی پریزن وین سے 14 قیدی فرار ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 4 قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا ہے، جبکہ باقی 10 مفرور قیدیوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

کہوٹہ سے اڈیالہ جیل منتقل کی جانے والی قیدی وین سے 14 قیدیوں کے فرار کے واقعے پر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سینیئر پولیس افسران کو جائے وقوعہ پہنچنے اور فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

پولیس ترجمان کے مطابق فرار ہونے والے قیدیوں میں سے 4 کو سرچ آپریشن کے دوران دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر مفرور قیدیوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی پولیس ٹیمیں مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق قیدی وین سے فرار ہونے کا واقعہ سہالہ ضلع اسلام آباد کی حدود میں پیش آیا، جس پر سی پی او راولپنڈی نے سینیئر افسران کو فوری طور پر موقع پر پہنچ کر آپریشن کی نگرانی اور تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد متعلقہ پولیس کے ساتھ مسلسل رابطہ اور کوآرڈینیشن جاری ہے تاکہ مفرور قیدیوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ قیدی وین میں سوار قیدیوں کے درمیان شدید جھگڑا ہوا، جس کے بعد فرار کا واقعہ پیش آیا۔

ترجمان نے بتایا کہ فرار ہونے والے تمام افراد زیر سماعت مقدمات کے ملزمان ہیں اور انہیں گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات سینیئر افسران کی نگرانی میں شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ غفلت یا کوتاہی کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp