سعودی عرب نے نیویارک میں منعقدہ بین الاقوامی فوڈ نمائش سمر فینسی فوڈ شو 2026 میں اعلیٰ معیار کی مقامی کھجوروں اور ان سے تیار کی جانے والی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی نمائش کر کے عالمی منڈی میں اپنی بڑھتی ہوئی موجودگی کا مظاہرہ کیا۔
سعودی عرب نے امریکا کے شہر نیویارک میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی غذائی نمائش سمر فینسی فوڈ شو 2026 میں اعلیٰ معیار کی مقامی کھجوروں اور ان سے تیار کی جانے والی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی بھرپور نمائش کی۔ سعودی عرب اس سال نمائش میں پارٹنر کنٹری کی حیثیت سے شریک ہوا، جہاں اس کی نمائندگی سعودی ڈیٹس نے کی۔
28 سے 30 جون تک جاری رہنے والی اس عالمی نمائش میں 50 ممالک کے 2 ہزار 400 سے زائد نمائش کنندگان شریک ہوئے، جبکہ دنیا بھر سے 30 ہزار سے زیادہ افراد کی شرکت متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیے سعودی عرب کھجور کی برآمدات میں دنیا کا سب سے بڑا ملک بن گیا
سعودی نیشنل سینٹر فار پامز اینڈ ڈیٹس کے مطابق اس بین الاقوامی ایونٹ میں متعدد سعودی کمپنیوں کی شرکت سے انہیں اپنی ویلیو ایڈڈ کھجوروں کی مصنوعات عالمی سطح پر متعارف کرانے اور بالخصوص امریکی مارکیٹ میں رسائی حاصل کرنے کا اہم موقع ملا ہے۔
مرکز کا کہنا ہے کہ اس شرکت کا مقصد سعودی کھجوروں کے اعلیٰ معیار، غذائی افادیت اور عالمی مسابقت کو اجاگر کرنا بھی ہے، جبکہ بین الاقوامی خصوصی نمائشوں میں موجودگی کے ذریعے سعودی کھجوروں کی برانڈ ویلیو کو مزید مضبوط بنانا بھی اس کا اہم ہدف ہے۔
بیان کے مطابق کھجور اور کھجور کے درختوں کا شعبہ سعودی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور یہ سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق زرعی شعبے کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کا ایک نمایاں ذریعہ بن چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیے سعودی عرب کی کھانے پینے کی متنوع ثقافت پیرس کی بین الاقوامی نمائش میں متعارف
اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں سالانہ کھجور کی پیداوار تقریباً 20 لاکھ ٹن تک پہنچ چکی ہے، جبکہ سعودی کھجوریں اس وقت دنیا کے 125 سے زائد ممالک کو برآمد کی جا رہی ہیں۔ ان برآمدات کی مجموعی مالیت تقریباً 2 ارب سعودی ریال تک پہنچ گئی ہے، جو عالمی منڈی میں سعودی کھجوروں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔














