بھارت نے اگر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی تو پاکستان اپنے قومی مفاد کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔، طارق فضل چوہدری

جمعرات 2 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی تو پاکستان اپنے قومی مفاد کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی مذاکرات کے لیے تیار تو حکومت بھی تیار، وزیراعظم شہباز شریف کا اعلان

وی ایکسکلوسیو سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن پہلی بار مذاکرات کے لیے سنجیدہ دکھائی دے رہی ہے تاہم حکومت کو اب ان کے باضابطہ جواب کا انتظار ہے اور قومی اہمیت کے معاملات پر بامقصد و نتیجہ خیز بات چیت کے دروازے بدستور کھلے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سیاسی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی حامی ہے اور اپوزیشن کے جواب کی منتظر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 23 جون کو بجٹ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے خود اپوزیشن لیڈر کی نشست پر جا کر مذاکرات کی دعوت دی تھی جس پر اپوزیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنی پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کے بعد حکومت سے رابطہ کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ اپوزیشن مذاکرات کے حوالے سے سنجیدہ دکھائی دے رہی ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں حالات تیزی سے معمول پر آ رہے ہیں اور بیشتر بازار و دکانیں کھل چکی ہیں جبکہ کل سے بینکوں اور سرکاری دفاتر میں بھی معمول کے مطابق کام کا آغاز ہو رہا ہے جس سے مجموعی صورتحال میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرپور ڈویژن، بھمبر، کوٹلی اور دیگر اضلاع میں حالات مکمل طور پر معمول پر ہیں تاہم راولاکوٹ میں جاری دھرنے کے باعث بعض مقامات پر جزوی رکاوٹیں موجود ہیں۔

مزید پڑھیے: پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات: کون حکومتی رہنما حق میں کون مخالف؟

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں کہ کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورتحال پیدا نہ ہو اور ماضی کی طرح جانی نقصان سے ہر ممکن حد تک بچا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی تقریباً 25 لاکھ آبادی کی معمول کی زندگی کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آزاد جموں و کشمیر حکومت کو وفاق کی جانب سے جس نوعیت کی معاونت درکار ہوگی وہ ہر ممکن طور پر فراہم کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی مذاکرات کے لیے تیار تو حکومت بھی تیار، وزیراعظم شہباز شریف کا اعلان

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں 6 جولائی کو ہونے والے انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی منعقد ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ انتخابی اتحاد کا نہ کوئی ارادہ ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی بات چیت ہوئی ہے۔

سندھ طاس معاہدے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری کے سامنے اپنا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل نہیں کر سکتا اور اس معاملے پر پاکستان کا مؤقف بالکل واضح اور دوٹوک ہے۔

یہ بھی پڑھیے: کیا سیاسی درجہ حرارت میں کمی تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ ممکنہ ڈیل کا نتیجہ ہے؟

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp