جہلم کی 90 سالہ قدیم تاریخی لاجپت رائے لائبریری بحال: 500 نئی کتابیں، فل ٹائم لائبریرین اور جدید سہولیات فراہم

پیر 6 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جہلم کی قریباً 90 برس قدیم تاریخی لاجپت رائے پبلک لائبریری کی تزئین و آرائش مکمل ہونے کے بعد اسے عوام کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔ وفاقی وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے علم و ادب سے وابستہ معروف شخصیت گگن شاہد، ادیبوں، اہلِ قلم اور دیگر معزز شخصیات کے ہمراہ لائبریری کا افتتاح کیا۔

افتتاح کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ 90 سال بعد ضلع جہلم کے اس تاریخی اور علمی ورثے کی بحالی اور دوبارہ افتتاح ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کارِ خیر میں کردار ادا کرنے پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، بُک کارنر جہلم کے گگن شاہد، امر شاہد اور دیگر تمام افراد خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔

مزید پڑھیں:کراچی کی مفت پبلک لائبریری بند ہونے سے کیسے بچی؟

وزیر مملکت نے بتایا کہ 1936 میں قائم ہونے والی اس تاریخی لائبریری کو برصغیر کی تحریکِ آزادی کے رہنما لالہ لاجپت رائے کے نام سے منسوب کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمارت لالہ لدھا شاہ بندرا کے بیٹے لالہ گوراں دتا مل نے اپنے والد کی یاد میں تعمیر کرائی تھی، جو اس وقت محکمہ جنگلات میں افسر تھے، بعد ازاں اس لائبریری کو لاجپت رائے کے نام سے منسوب کر دیا گیا۔

بلال اظہر کیانی کے مطابق خستہ حال عمارت کی بحالی کے دوران اس کے تاریخی اور ثقافتی حسن کو محفوظ رکھا گیا ہے، جبکہ لائبریری میں 500 نئی کتابیں شامل کی گئی ہیں۔ پہلی مرتبہ فل ٹائم لائبریرین تعینات کیا جائے گا، خوبصورت لکڑی کے نئے بک شیلف نصب کیے گئے ہیں اور کتابوں کو موضوعات کے اعتبار سے منظم انداز میں رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قارئین کے لیے آرام دہ مطالعے کا ماحول فراہم کیا گیا ہے، نیا فرنیچر رکھا گیا ہے اور لائبریری کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا گیا ہے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک لائبریری نہیں بلکہ جہلم کا ایک اہم تاریخی ورثہ بھی ہے، جسے دیکھنے کے لیے دور دراز سے لوگ آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لائبریری بالخصوص نوجوانوں کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے، کیونکہ مادی ترقی کے ساتھ ذہنی اور فکری ترقی بھی ناگزیر ہے اور کتابیں اس میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔

مزید پڑھیں:خوارک عطیہ کر کے ٹریفک اور لائبریری کے جرمانے معاف کروائیں، امریکی شہر کا منفرد قانون

انہوں نے اعلان کیا کہ مستقبل میں ملک بھر کی ممتاز علمی و ادبی شخصیات کو لاجپت رائے لائبریری میں مدعو کیا جائے گا، جہاں باقاعدگی سے علمی و ادبی نشستوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس سے قبل وزیر مملکت نے لائبریری کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور بحالی کے کام کے معیار کو سراہا۔

واضح رہے کہ اس تاریخی لائبریری کا افتتاح 3 مئی 1936 کو اُس دور کی معروف شخصیت ڈاکٹر گوپی چند بھارگو نے کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp