ایپل کے فولڈایبل فون کے حصول کے لیے صارفین کو کتنا انتظار کرنا پڑسکتا ہے؟

پیر 6 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی لانچ کے بعد صارفین کو ڈیوائس حاصل کرنے کے لیے کئی ہفتوں یا حتیٰ کہ کئی ماہ انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔ معروف ٹیکنالوجی تجزیہ کار منگ چی کو کے مطابق فولڈ ایبل آئی فون کو وہی مسائل پیش آسکتے ہیں جن کا سامنا 2017 میں آئی فون ایکس کی لانچ کے وقت ہوا تھا۔

تجزیہ کار نے سپلائی چین سے حاصل ہونے والی معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایپل 2026 کے آخر میں اپنے روایتی آئی فون ماڈلز کے ساتھ فولڈ ایبل آئی فون بھی متعارف کرا سکتا ہے، تاہم فولڈنگ اسکرین کی تیاری اور اسمبلنگ میں پیچیدگیوں کے باعث ابتدائی مرحلے میں سپلائی محدود رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی فون صارفین کیلئے خوشخبری، آئی او ایس 26 کے پوشیدہ فیچرز سامنے آگئے

رپورٹ کے مطابق 2026 کی تیسری سہ ماہی کے دوران فولڈ ایبل آئی فون کی ترسیل 10 لاکھ یونٹس سے بھی کم رہ سکتی ہے، جبکہ اسی عرصے میں آئی فون 18 پرو سیریز کے 2 کروڑ سے 2 کروڑ 20 لاکھ یونٹس کی ترسیل متوقع ہے۔

منگ چی کو کا کہنا ہے کہ ایپل ممکنہ طور پر 2017 کی حکمت عملی اپناتے ہوئے ستمبر میں فولڈ ایبل آئی فون کا اعلان کرے گا، لیکن پیشگی آرڈرز اور ترسیل کا آغاز سال کی آخری سہ ماہی میں ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق فولڈ ایبل آئی فون کی متوقع قیمت 2,300 سے 2,500 امریکی ڈالر کے درمیان ہو سکتی ہے، تاہم اس کے باوجود اس کی طلب بہت زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ تجزیہ کار کے مطابق موبائل آپریٹرز، ریٹیلرز اور ری سیلرز سے ہونے والی بات چیت کی بنیاد پر اندازہ ہے کہ پری آرڈر شروع ہوتے ہی ڈیوائس فروخت ہو جائے گی اور ترسیل میں 6 ہفتے یا اس سے زیادہ تاخیر ہو سکتی ہے، جو کرسمس کے موسم تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایپل نے فولڈ ایبل آئی فون کی لانچنگ کیوں مؤخر کی؟

تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس صورتحال کا موازنہ آئی فون ایکس سے کیا جا رہا ہے، تاہم فولڈ ایبل آئی فون کی فروخت اس سطح تک پہنچنے کا امکان نہیں۔ ان کے اندازے کے مطابق 2026 کے دوسرے نصف حصے میں فولڈ ایبل آئی فون کی مجموعی ترسیل 70 لاکھ سے 80 لاکھ یونٹس کے درمیان رہ سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp