فیفا ورلڈ کپ 2026: آج 2 بڑے مقابلے، رونالڈو بمقابلہ یامال اور امریکا کا بیلجیئم سے سامنا

پیر 6 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے میں آج (6 جولائی) 2 انتہائی اہم اور سنسنی خیز مقابلے کھیلے جائیں گے جن کے بعد کوارٹر فائنل کی لائن اپ مزید واضح ہو جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026: میسی، ایمباپے اور ہالینڈ نے مل کر فٹبال کی 96 سالہ تاریخ بدل دی

فٹبال شائقین کی نظریں ایک جانب پرتگال اور اسپین کے ہائی وولٹیج مقابلے پر ہوں گی جبکہ دوسری جانب میزبان امریکا بیلجیئم کے خلاف میدان میں اترے گا۔

گزشتہ روز ناروے کی جانب سے برازیل کو شکست دینے اور انگلینڈ کی میکسیکو کے خلاف سنسنی خیز کامیابی کے بعد ورلڈ کپ کا جوش و خروش مزید بڑھ گیا ہے اور آج کے مقابلوں سے بھی شائقین کو بڑے اپ سیٹس اور دلچسپ لمحات کی توقع ہے۔

آج کے میچز اور پاکستانی وقت

آج 2 میچز ہوں گے جن میں پرتگال اور اسپین کے مابین مقابلہ ہوگا جبکہ امریکا کی ٹیم بیلجیئم کا سامنا کرے گی۔

پرتگال بمقابلہ اسپین

مقام: ڈلاس اسٹیڈیم، ٹیکساس، امریکا

مقابلے کا آغاز: امریکی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے

پاکستانی وقت: 7 جولائی بروز منگل رات 12:00 بجے

امریکا بمقابلہ بیلجیئم

مقام: سیئٹل اسٹیڈیم، امریکا

مقابلے کا آغاز: امریکی وقت کے مطابق رات 8 بجے

پاکستانی وقت: 7 جولائی بروز منگل صبح 5:00 بجے

رونالڈو اور یامال آمنے سامنے

آج کے سب سے بڑے مقابلے میں پرتگال کے تجربہ کار سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اپنی ممکنہ آخری ورلڈ کپ مہم میں اسپین کی نوجوان سنسنی لامین یامال کے خلاف میدان میں اتریں گے۔

دفاعی یورپی چیمپئن اسپین کو اس میچ میں فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے تاہم پرتگال کی ٹیم بھی کسی بڑے اپ سیٹ کی صلاحیت رکھتی ہے۔

امریکا کی نظریں کوارٹر فائنل پر

دوسرے میچ میں میزبان امریکا کو مضبوط بیلجیئم کا سامنا ہوگا۔ امریکی ٹیم کو اس وقت بڑا ریلیف ملا جب فارورڈ فولارن بالوگن کی ایک میچ کی پابندی ختم کر دی گئی جس کے بعد امریکا مکمل طاقت کے ساتھ میدان میں اترے گا۔ امریکی ٹیم سنہ 2002 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے پرعزم ہے۔

کوارٹر فائنل کی دوڑ دلچسپ مرحلے میں داخل

فیفا ورلڈ کپ 2026 اب اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں ہر میچ کسی بھی ٹیم کے لیے آخری ثابت ہو سکتا ہے۔ فٹبال شائقین آج ایک بار پھر عالمی فٹبال کے 2 یادگار مقابلوں سے لطف اندوز ہوں گے جن کے نتائج ٹورنامنٹ کی آئندہ سمت کا تعین کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp