وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں اور عالمی شراکت داروں کو انسدادِ پولیو مہم مزید مؤثر اور تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے جنوبی خیبرپختونخوا کے پولیو ہاٹ اسپاٹس پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا ہے۔
یہ ہدایات وزیراعظم نے جمعرات کو اسلام آباد میں پولیو اوورسائیٹ بورڈ کے 7 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران جاری کیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں پولیو کے 2 نئے کیسز، پاکستان میں رواں سال تعداد 3 ہو گئی
وفد کی قیادت روٹری کے پولیو اوورسائیٹ بورڈ کے چیئرمین مائیک میکگورن کر رہے تھے، جبکہ گیٹس فاؤنڈیشن کے صدر برائے گلوبل ڈیویلپمنٹ کرس ایلائیس، ڈبلیو ایچ او مشرقی بحیرہ روم کی ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی، یونیسیف، گاوی اور پاکستان میں انسدادِ پولیو کے دیگر عالمی شراکت داروں کے نمائندے بھی وفد میں شامل تھے۔
وزیراعظم نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت پاکستان کے ساتھ انسدادِ پولیو مہم میں تعاون پر تمام بین الاقوامی شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔
A delegation of Polio Oversight Board calls on Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif. Islamabad, 7 July 2026. pic.twitter.com/WISfM13J92
— Prime Minister's Office (@PakPMO) July 7, 2026
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک کے بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور پولیو سے پاک پاکستان کے عزم پر ثابت قدم ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ایک اہم قومی ترجیح ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے اور شراکت دار باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے اپنی کوششیں مزید تیز کریں۔
مزید پڑھیں: پولیو مہم میں کتنے بچوں کو ویکسین نہیں لگ سکی، وجوہات کیا تھیں؟
انہوں نے خاص طور پر جنوبی خیبرپختونخوا کے پولیو ہاٹ اسپاٹس میں مؤثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے روٹری انٹرنیشنل، گیٹس فاؤنڈیشن، عالمی ادارۂ صحت، یونیسیف، کنگ سلمان ریلیف، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن، امریکا اور دیگر عالمی شراکت داروں کی جانب سے انسدادِ پولیو کے لیے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفی کمال، وزیرِ مملکت برائے صحت، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو سینیٹرعائشہ رضا فاروق، نیشنل کوآرڈینیٹر برائے انسدادِ پولیو اور حکومتی ٹیم کی خدمات کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
اس موقع پر پولیو اوورسائیٹ بورڈ کے وفد نے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات اور حالیہ نمایاں پیش رفت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مزید پڑھیں: ڈیرہ مراد جمالی میں پولیو ٹیم پر فائرنگ، ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار شہید
وفد نے پولیو سے پاک پاکستان کے ہدف کے حصول کے لیے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر قومی صحت مصطفی کمال، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔













