سپریم کورٹ اور اقوام متحدہ کا عوام دوست نظامِ انصاف کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

منگل 7 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان مضبوط شراکت داری آنے والے برسوں میں مزید مستحکم ہوگی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے سپریم کورٹ میں الوداعی ملاقات میں عدالتی اصلاحات، قانون کی حکمرانی اور انصاف تک مساوی رسائی کے فروغ کے لیے سپریم کورٹ اور اقوام متحدہ کے درمیان جاری شراکت داری کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان نے پاکستان کے شعبۂ انصاف کے ساتھ محمد یحییٰ کی مثبت وابستگی اور ان کی مدتِ کار کے دوران اقوام متحدہ اور عدلیہ کے درمیان فروغ پانے والے تعاون کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس پاکستان کا عالمی عدالتی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ، روس میں بین الاقوامی قانونی فورم میں شرکت

انہوں نے انصاف تک رسائی، ادارہ جاتی استعدادِ کار اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کی مسلسل معاونت کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔

دونوں جانب سے عدالتی اصلاحات، صنفی حساس انصاف، قانونی اختیار دہی اور ادارہ جاتی استعدادِ کار کے شعبوں میں ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ عوام مرکز، جامع اور جوابدہ نظامِ انصاف کے قیام کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا ملکی نظام انصاف میں اصلاحات کے لیے اقوامِ متحدہ کے تعاون پر زور

دونوں فریق اس بات پر بھی متفق ہوئے کہ پائیدار ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگ نظامِ انصاف کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

چیف جسٹس جسٹس یحییٰ آفریدی نے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر کو عدلیہ کے جاری اصلاحاتی ایجنڈے سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ عدالتی اصلاحات کا محور انصاف تک رسائی کو بہتر بنانا، عدالتی کارکردگی اور شفافیت میں اضافہ، عوامی اعتماد کو مضبوط کرنا، ٹیکنالوجی پر مبنی جدت، ادارہ جاتی استحکام اور بہتر سروس ڈیلیوری کو یقینی بنانا ہے۔

مزید پڑھیں: آئی ایم وفد کی سپریم کورٹ آمد دباؤ والی بات نہیں، وزیرقانون

اس موقع پر محمد یحییٰ نے اپنی مدتِ کار کے دوران سپریم کورٹ اور پاکستان کی عدلیہ کی جانب سے ملنے والے گرمجوش تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے عدالتی قیادت کے بامعنی اصلاحات کے عزم کو سراہتے ہوئے انصاف کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے ہونے والی نمایاں پیش رفت کا اعتراف کیا۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قانون کی حکمرانی اور انصاف تک رسائی کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی کوششوں میں اقوام متحدہ آئندہ بھی اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

ملاقات کے اختتام پر چیف جسٹس آف پاکستان نے محمد یحییٰ کو خیر سگالی کے طور پر یادگاری شیلڈ پیش کی، ان کے آئندہ فرائض کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp