سعودی سمر 2026: جدہ میں ساحل، تفریح اور خاندانی سرگرمیوں کا رنگا رنگ آغاز

بدھ 8 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کے شہر جدہ نے ’سعودی سمر 2026‘ سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے متنوع تفریحی، ثقافتی اور خاندانی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اندرونِ ملک سیاحت کو فروغ دینا اور مملکت کو عالمی سیاحتی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرنا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع سعودی عرب کے سب سے بڑے شہر جدہ میں ’سعودی سمر 2026‘ کے تحت مختلف سیاحتی اور تفریحی سرگرمیاں جاری ہیں، جن میں ساحلی تفریح، ثقافتی پروگرام، شاپنگ، لائیو پرفارمنس اور خاندانی تقریبات شامل ہیں۔

رواں سال کے سمر پروگرام میں خاندانوں کو خصوصی توجہ دی گئی ہے، جس کے تحت ہر عمر کے افراد کے لیے مختلف تقریبات اور سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ’سعودی آفرز پلیٹ فارم‘ کے ذریعے سیاحوں کو ہوٹلوں، ریزورٹس، گائیڈڈ ٹورز اور خصوصی سفری پیکجز بھی فراہم کیے جا رہے ہیں، تاکہ انہیں بہتر اور مسابقتی سفری سہولیات میسر آ سکیں۔

جدہ واٹر فرنٹ اور نیو کورنیش گرمیوں کے موسم میں ہزاروں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، جہاں کھلے تفریحی مقامات، ریستوران، کیفے، بچوں کے کھیل کے میدان اور واکنگ و سائیکلنگ ٹریکس موجود ہیں۔

شہر کے بڑے شاپنگ مالز اور تفریحی مراکز میں بھی موسمی تقریبات، ثقافتی پروگرام اور لائیو پرفارمنس منعقد کی جا رہی ہیں، جس کے باعث جدہ گرمیوں کی تعطیلات گزارنے والے خاندانوں کے لیے ایک پسندیدہ منزل بن گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جدہ میں مجوزہ کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ، سعودی عرب جلد بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی کرے گا، محسن نقوی

سعودی حکام کے مطابق سیاحتی انفراسٹرکچر میں مسلسل سرمایہ کاری اور تفریحی منصوبوں میں توسیع کے ذریعے جدہ کو مملکت کے نمایاں خاندانی سیاحتی مراکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدامات سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق سیاحت کے شعبے کا قومی معیشت میں حصہ بڑھانے اور مقامی و غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں اضافے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp