چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود کے ہمراہ جدہ میں کنگ فہد عبدالعزیز یونیورسٹی کے مجوزہ کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا، جہاں انہیں منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور اسٹیڈیم میں مجوزہ تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے جدہ میں چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود کے ہمراہ کنگ فہد عبدالعزیز یونیورسٹی میں قائم مجوزہ کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے اسٹیڈیم کے مختلف سیکشنز اور انکلوژرز کا تفصیلی جائزہ لیا، جبکہ منصوبے میں مجوزہ تبدیلیوں اور جدید سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے متعلقہ حکام سے تبادلہ خیال بھی کیا۔ انہیں اسٹیڈیم کی تعمیر، گنجائش، مستقبل کے منصوبوں اور کرکٹ کے فروغ سے متعلق جامع بریفنگ دی گئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ اس جدید اسٹیڈیم کی تکمیل سے سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کو نئی رفتار ملے گی اور مستقبل قریب میں یہاں بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود کے بے پایاں تعاون پر وہ ان کے انتہائی مشکور ہیں، جن کی کاوشوں سے سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے سعودی عرب کے کرکٹ کے شاندار سفر میں اپنا کردار ادا کرنا باعثِ اعزاز ہے۔













