وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد سے ملاقات میں داخلی سلامتی، پولیس ٹریننگ، سائبر کرائم کی روک تھام اور باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں ایران، امریکا تنازع اور مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ہمارا مقصد بنگلہ دیش کو عزت دلانا تھا،اس معاملے میں ہمارا کوئی ذاتی مفاد نہیں : محسن نقوی
ملاقات کے دوران دونوں وزرائے داخلہ نے پولیس افسران کی پیشہ ورانہ تربیت، مشترکہ ٹریننگ پروگرامز اور ایکسچینج پروگرامز کے آغاز کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس کے علاوہ سائبر کرائم، آن لائن فراڈ اور دیگر جدید جرائم کی روک تھام کے لیے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے ایران، امریکا تنازع اور مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں امن و استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے امن کے فروغ کے لیے پاکستانی کوششوں کی تعریف کی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا، جسے عالمی سطح پر بھی سراہا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانا وقت کی ضرورت ہے، اور دونوں ممالک کو باہمی روابط، تعاون اور تجربات کے تبادلے کو مزید وسعت دینی چاہیے۔














