آزاد کشمیر میں ن لیگ حکومت بنانے جارہی ہے، وزیراعظم کا فیصلہ نواز شریف کریں گے، محمد حنیف ملک

پیر 13 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے سینیئر رہنما، انچارج الیکشن رابطہ سیل و ممبر کشمیر کونسل محمد حنیف ملک نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں حکومت بنانے جا رہی ہے اور آئندہ وزیراعظم کا فیصلہ پارٹی قائد میاں نواز شریف کریں گے۔

وی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال کے مطابق مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں واضح برتری حاصل کیے ہوئے ہے اور 33 براہ راست نشستوں میں سے 22 سے 23 نشستوں پر پارٹی کے امیدوار آگے ہیں، جبکہ مہاجرین کی نشستوں پر بھی مسلم لیگ (ن) اچھی کامیابی حاصل کرے گی۔

’انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے‘

محمد حنیف ملک نے کہاکہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات انشااللہ اپنی مقررہ تاریخ پر ہوں گے۔ راولاکوٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ابھی تک انہیں ایسی کوئی پالیسی نہیں دی گئی کہ وہاں انتخابات ملتوی کیے جائیں گے، اس لیے موجودہ معلومات کے مطابق راولاکوٹ میں بھی انتخابات اپنے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

راولاکوٹ میں جاری دھرنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ دھرنا اب بھی جاری ہے۔ ان کے مطابق دن کے وقت قریباً 2 سے 5 ہزار افراد موجود ہوتے ہیں جبکہ شام کے اوقات یا کسی اور پروگرام کے دوران شرکا کی تعداد میں کچھ اضافہ ہو جاتا ہے۔

’وفاق میں حکومت کا فائدہ آزاد کشمیر کو ملتا ہے‘

انہوں نے کہاکہ ماضی میں یہ تاثر رہا ہے کہ وفاق میں جس جماعت کی حکومت ہوتی ہے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی عوام اسی جماعت کی طرف رجحان رکھتے ہیں کیونکہ ان کا خیال ہوتا ہے کہ وفاق کے ساتھ مل کر تعمیر و ترقی کے منصوبے بہتر انداز میں مکمل کیے جا سکتے ہیں۔ تاہم گلگت بلتستان میں اس مرتبہ مختلف صورتحال سامنے آئی، تاہم آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) مضبوط سیاسی بنیاد رکھتی ہے اور عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔

’مسلم لیگ (ن) کارکردگی کی بنیاد پر انتخاب لڑ رہی ہے‘

محمد حنیف ملک نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نعروں کی نہیں بلکہ اپنی سیاسی تاریخ اور کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جا رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا جبکہ موجودہ وزیراعظم شہباز شریف نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت کردار اجاگر کیا۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے آزاد کشمیر کے عوام کو آٹے اور بجلی پر سبسڈی دی، آزاد کشمیر کا بجٹ دگنا کیا اور اضافی 24 ارب روپے فراہم کیے، جو کشمیری عوام سے محبت کا عملی ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ’کشمیر بنے گا پاکستان‘ کے نعرے کے ساتھ بھی انتخابی مہم چلا رہی ہے۔

استحکام پاکستان پارٹی کے انتخابات میں حصہ لینے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ یہ ایک نئی جماعت ہے، جس کی آزاد کشمیر میں کوئی مضبوط بنیاد یا سیاسی تاریخ موجود نہیں۔ ان کے مطابق مختلف جماعتوں سے ٹکٹ نہ ملنے والے افراد اس جماعت میں شامل ہوئے ہیں، تاہم عوام فیصلہ کریں گے کہ وہ انہیں کس حد تک نمائندگی کے قابل سمجھتے ہیں۔

’نواز شریف اور مریم نواز انتخابی مہم میں حصہ لیں گے‘

محمد حنیف ملک نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر مریم نواز شریف نے لاہور میں ہونے والے اجلاس کے دوران انتخابی ذمہ داریاں تقسیم کی ہیں اور خود بھی انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف بھی ڈویژنز کی سطح پر جلسوں سے خطاب کریں گے، جبکہ مرکزی قیادت اور دیگر رہنما مختلف حلقوں میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔

’مہاجرین کی نشستوں پر ن لیگ کا مؤقف واضح ہے‘

انہوں نے کہاکہ مہاجرین جموں و کشمیر کو آئین کے تحت ووٹ کا حق حاصل ہے اور وہ آزاد کشمیر کا حصہ ہیں۔ ان کے مطابق مہاجرین کی نمائندگی ایک آئینی معاملہ ہے اور مسلم لیگ (ن) کا اس حوالے سے مؤقف بالکل واضح ہے۔

محمد حنیف ملک نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے مطابق مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں اکیلے اپنی حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگرچہ وزیراعظم کے لیے پارٹی کی سینیئر قیادت میں متعدد نام موجود ہیں، تاہم حتمی فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کریں گے۔

’اتحاد کا فیصلہ وقت آنے پر ہو سکتا ہے‘

انتخابی نتائج میں کسی بھی وجہ سے واضح اکثریت حاصل نہ ہونے کی صورت میں ممکنہ اتحاد سے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی۔ اگر ضرورت پیش آئی تو پارٹی حالات کے مطابق فیصلہ کرے گی، تاہم قبل از وقت کسی جماعت کا نام لینا مناسب نہیں ہوگا۔

’جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی تحریک پر مؤقف‘

انہوں نے کہاکہ عوامی حقوق کے لیے شروع ہونے والی تحریک اپنی جگہ اہم تھی اور حکومت نے بھی عوام کو ریلیف دینے کے لیے آٹے اور بجلی پر سبسڈی سمیت مختلف اقدامات کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک بعض عناصر کی جانب سے تحریک کے بنیادی مؤقف سے ہٹ کر باتیں کی جا رہی ہیں، تاہم دنیا بھر میں مقیم کشمیری ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے حق میں آواز بلند کرتے رہے ہیں۔

’مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات ناقابل قبول‘

محمد حنیف ملک نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی پالیسیاں کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے خلاف ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آرٹیکل 370 اور 35 اے کے خاتمے کے بعد بھارت نے آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی، جسے کشمیری عوام کبھی قبول نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اسے بھارتی یونین کا حصہ بنایا، تاہم کشمیری قیادت آج بھی اس اقدام کو مسترد کرتی ہے۔

’نوجوان ووٹ کی طاقت استعمال کریں‘

انہوں نے نوجوان ووٹرز پر زور دیا کہ وہ اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں اور ایسے نمائندوں کا انتخاب کریں جو نوجوانوں کے لیے مؤثر پالیسی، روزگار اور ترقی کے مواقع پیدا کریں۔

انہوں نے کہاکہ جو لوگ انتخابی نظام کے خلاف ہیں، انہیں بھی چاہیے کہ وہ انتخابات میں حصہ لے کر اسمبلی کے فورم پر عوام کی نمائندگی کریں۔

ان کے مطابق آج کا آزاد کشمیر نوجوانوں کا کشمیر ہے اور نئی نسل کو نظام کا حصہ بن کر مثبت تبدیلی لانی چاہیے، نہ کہ نظام کو نقصان پہنچانا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

خیبرپختونخوا حکومت کا اراکین اسمبلی کے لیے متنازع مراعات واپس لینے کا اعلان، ’ایک ہفتے میں تمام ترامیم واپس لیں گے‘

چین نے پاکستانی مکئی کی درآمدات کے لیے اپنی منڈی کھول دی، ملک میں قیمت کنڑول رکھنے کے لیے کیا ضروری ہے؟

آئی فون کے نئے نظام میں بچوں کے تحفظ کے لیے بڑے اقدامات، والدین کو مزید اختیارات مل جائیں گے

آئرلینڈ اور انگلینڈ سے شکست: بھارتی ٹی 20 ٹیم کی مسلسل ناکامیوں کی اصل وجہ کیا ہے؟

حکومت پاکستانی فلموں اور ڈراموں کو نیٹ فلکس پر جگہ دلانے کے لیے سرگرم

ویڈیو

وفاقی کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ، کون سے نئے چہرے شامل ہونے جا رہے ہیں؟

سولر پینلز کی قیمتوں میں کمی، کیا صارفین کو واقعی ریلیف ملا ؟

خطے میں کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد اسحاق ڈار کا ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ، تحمل اور سفارتکاری پر زور

کالم / تجزیہ

برداشت کی بھی حد ہوتی ہے

میسی کے گول سے 45 برس بعد کھلنے والا سفارتخانہ

اونٹ کے جسم پر گل کاری کا آرٹ