پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کی انتخابی مہم کے سلسلے میں مظفرآباد پہنچ گئے۔
مظفرآباد آمد پر کوہالہ پل کے مقام پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر سمیت مظفرآباد ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز اور رہنماؤں نے بلاول بھٹو زرداری کا پرتپاک استقبال کیا۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری تین روزہ دورے پر مظفرآباد پہنچ گئے۔کوہالہ پل پرپارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا۔بلاول بھٹو زرداری کو سینکڑوں گاڑیوں کے قافلے کی صورت میں دارالحکومت مظفرآباد لایا گیا۔👇👇 pic.twitter.com/R8O7Mn678d
— Waqar Satti 🎖️🇵🇰 (@waqarsatti) July 14, 2026
اس موقع پر پارٹی کارکنوں نے بلاول بھٹو زرداری کا خیرمقدم کرتے ہوئے نعرے بازی کی، جس کے بعد قافلہ کوہالہ پل سے مظفرآباد کی جانب روانہ ہوا۔
بلاول بھٹو زرداری اپنے دورۂ مظفرآباد کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کی انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے اور پارٹی امیدواروں و رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بلاول بھٹو کے آزاد کشمیر میں انتخابی جلسوں سے خطاب کا شیڈول بھی جاری کیا جا چکا ہے، جس کے مطابق 17 جولائی کو میرپور کے حلقہ ڈڈیال میں پہلا جلسہ ہوگا۔
19 جولائی (اتوار) کو چیئرمین پیپلز پارٹی کوٹلی میں سہ پہر 3 بجے منعقد ہونے والے جلسہ عام سے خطاب کریں گے، جس کی میزبانی پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے صدر چوہدری محمد یسین کریں گے۔
شیڈول کے مطابق 21 جولائی (منگل) کو مظفرآباد میں دوپہر ایک بجے عوامی جلسہ منعقد ہوگا، جس کی میزبانی پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر کریں گے۔














