آزاد جموں و کشمیر کے ضلع باغ کے حلقہ ایل اے 14 غربی باغ دھیرکوٹ میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کے انتخابی قافلے پر شرپسند عناصر کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے، تاہم واقعے میں سردار عتیق احمد سمیت قافلے میں شامل تمام افراد محفوظ رہے۔
واقعہ انتخابی مہم کے دوران پیش آیا
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ یونین کونسل ساہلیاں کی حدود میں چٹا بٹ کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب سردار عتیق احمد اپنے قافلے کے ہمراہ انتخابی مہم کے سلسلے میں یونین کونسل ساہلیاں سے سیری بانڈی جا رہے تھے۔
حملہ آور فرار، تحقیقات شروع
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد شرپسند عناصر موقع سے فرار ہو گئے۔ دھیرکوٹ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ فائرنگ میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے۔
سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ
پولیس ذرائع کے مطابق انتخابی مہم کے دوران پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے کی سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب سردار عتیق کے فرزند سردار عثمان عتیق نے تصدیق کی ہے کہ واقعے کے باوجود سردار عتیق احمد کی انتخابی مصروفیات معمول کے مطابق جاری ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس پر بھی ٹائیں ڈھلکوٹ کے مقام پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، جس میں ان کا ذاتی محافظ شہید ہوگیا، تاہم وہ خود محفوظ رہے۔













