پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ رد و بدل آج سے شروع، کن ایام میں قیمتیں برقرار رہیں گی؟

پیر 20 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے نئے طریقہ کار کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں اب روزانہ کی بنیاد پر مقرر کی جائیں گی۔

نئے پیٹرولیم پرائسنگ میکانزم کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) روزانہ نئی ایکس ڈپو قیمتیں اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گی۔ ہفتہ اور اتوار کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پیٹرول 5 روپے 44پیسے اور ڈیزل 31 روپے 5پیسے مہنگا

نئی پالیسی کے تحت قیمتوں کا تعین 7 ورکنگ دنوں کی اوسط بنیاد پر کیا جائے گا۔ اگر درآمدی کارگو دستیاب ہوگا تو وزن شدہ اوسط قیمت کے مطابق قیمت مقرر کی جائے گی، جبکہ درآمد نہ ہونے کی صورت میں رواں سال کے آغاز سے اب تک کی اوسط قیمت کے تحت قیمت کا تعین کیا جائے گا۔

نئے طریقہ کار کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اجرا کے لیے وزیراعظم یا وفاقی حکومت کی پیشگی منظوری درکار نہیں ہوگی، تاہم روزانہ قیمتوں کے اجرا سے متعلق معلومات ڈائریکٹر جنرل آئل کو فراہم کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: اوگرا روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرے گی، علی پرویز ملک

حکومت نے واضح کیا ہے کہ پیٹرولیم لیوی مقررہ حد سے زیادہ نہیں ہوگی، جبکہ لیوی میں کسی بھی تبدیلی سے پہلے وزارت خزانہ کی منظوری لازمی ہوگی۔

یہ نیا نظام اوگرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 21 کے تحت نافذ کیا جائے گا، جبکہ وزارت خزانہ مالی سال کے لیے پیٹرولیم لیوی کی شرح فراہم کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp