وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی کم از کم تنخواہ کی حد بڑھا دی

بدھ 26 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی کم از کم مجموعی تنخواہ 37 ہزار روپے سے بڑھا کر 40 ہزار 700 روپے ماہانہ کر دی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق یہ فیصلہ یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔

نظرثانی شدہ حد سے کم مجموعی تنخواہ لینے والے ملازمین کو 40 ہزار 700 روپے کی حد تک پہنچانے کے لیے فرق کی رقم خصوصی الاؤنس کی صورت میں ادا کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ نے بجٹ 27-2026 کی منظوری دے دی، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا فیصلہ

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری آفس میمورنڈم کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق وفاقی حکومت کے تمام سول ملازمین، دفاعی بجٹ سے تنخواہ لینے والے سویلین ملازمین، بشمول کنٹی جنٹ بنیادوں پر کام کرنے والے عملے، اور سول عہدوں پر بنیادی پے اسکیلز کے تحت مقررہ شرائط و ضوابط پر کام کرنے والے کنٹریکٹ ملازمین پر ہوگا۔

نئے انتظام کے تحت جن ملازمین کی مجموعی تنخواہ 40 ہزار 700 روپے سے کم ہے، انہیں یکم جولائی 2026 سے مزید احکامات تک فرق کی رقم خصوصی الاؤنس کے طور پر دی جائے گی۔

وزارت خزانہ نے واضح کیا ہے کہ خصوصی الاؤنس انکم ٹیکس کے تابع ہوگا۔ یہ چھٹی کے دوران بھی قابلِ ادائیگی رہے گا اور ریٹائرمنٹ کی تیاری کے لیے لی جانے والی مکمل رخصت، یعنی ایل پی آر کے دوران بھی ملے گا، تاہم غیر معمولی رخصت کے دوران یہ الاؤنس نہیں دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کا سرکاری ملازمین کے حق میں اہم فیصلہ، باعزت بریت پر مکمل تنخواہ اور مراعات کی ادائیگی کا حکم

حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ خصوصی الاؤنس کو پینشن یا گریجویٹی کے حساب کے لیے قابلِ پینشن مراعات کا حصہ نہیں سمجھا جائے گا اور نہ ہی مکان کے کرائے کی وصولی کے حساب میں اسے شامل کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ کے مطابق بیرون ملک تعیناتی یا ڈیپوٹیشن کے دوران ملازمین خصوصی الاؤنس کے حقدار نہیں ہوں گے۔

تاہم بیرون ملک تعیناتی یا ڈیپوٹیشن مکمل ہونے کے بعد پاکستان واپس آنے والے ملازمین کو اسی شرح اور رقم میں الاؤنس دیا جائے گا جو انہیں بیرون ملک تعیناتی نہ ہونے کی صورت میں ملنا تھا۔

مزید پڑھیں: والدین کی دیکھ بھال نہ کرنے پر بھاری قیمت چکانی پڑے گی، سرکاری ملازمین کی تنخواہ سے بڑی کٹوتی کا انتباہ

حکومت نے اضافی مالی بوجھ متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں پر ڈال دیا ہے، وزارت خزانہ کے مطابق مالی سال 27-2026 میں کم از کم تنخواہ میں اضافے اور خصوصی الاؤنس کی وجہ سے ہونے والے اضافی اخراجات متعلقہ اداروں کو اپنے موجودہ بجٹ مختصات کے اندر سے پورے کرنا ہوں گے۔

وزارت خزانہ نے واضح کیا ہے کہ اس مقصد کے لیے کوئی ضمنی گرانٹ جاری نہیں کی جائے گی۔

یوں اس فیصلے کے نتیجے میں متاثرہ وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے کم از کم مجموعی تنخواہ 40 ہزار 700 روپے مقرر ہو گئی ہے، تاہم اس اضافے کو پینشن کے لیے قابلِ شمار بنیادی مراعات میں شامل کرنے کے بجائے خصوصی الاؤنس کی صورت میں ادا کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp