بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہن نورین نیازی کے معرکہ حق کے حوالے سے حالیہ بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے، پارٹی قیادت نے ابھی تک اس بیان سے لاتعلقی کا اعلان نہیں کیا تاہم پی ٹی آئی اس بیان کو نورین نیازی کی ذاتی رائے قرار دے چکی ہے۔
ایسے بیانات پارٹی کو نقصان پہنچاتے ہیں، شیر افضل مروت
پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہاکہ نورین نیازی کا یہ اور ایسے بیان پارٹی کو نقصان پہنچاتے ہیں، عمران خان کی بہنوں کی جانب سے اکثر ایسے بیانات آتے ہیں جو پاکستان کی سلامتی، پاکستان کی خارجہ پالیسی کے خلاف ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ان بیانات سے پارٹی کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا بلکہ عمران خان کو بھی نقصان ہوتا ہے اور ایسے بیانات پر بھارتی میڈیا پروپگینڈا کرتا ہے، بہتر یہی ہوتا کہ سیاست یا ملکی معاملات پر یہ بہنیں کوئی بھی بیان نہ دیتیں، بہنوں کی جانب سے ہر ہفتے 10 دنوں کے بعد کوئی بھی ایسا بیان آ جاتا ہے جس سے پارٹی کے لیے مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔
شیر افضل مروت نے کہاکہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ عمران خان کی بہنوں کو ایسے انٹرویو یا بیان دینے سے کیا فائدہ ہوتا ہے، کیوں کہ اس سے تو پارٹی اور عمران خان کے لیے مشکلات بڑھ جاتی ہیں، ایسے بیانات کا کوئی فہم نہیں ہوتا، کوئی منطق نہیں ہوتی، کوئی لاجک نہیں ہوتی، معرکہ حق کو اس بیان میں ڈرامہ قرار دیا گیا لیکن پوری دنیا نے اس کی حقیقت اور اس میں کامیابی پر پاکستان کو کریڈٹ دیا، نورین نیازی کے اس بیان سے ملکی سیاست، قومی مفاد کو ٹھیس پہنچی۔
شیر افضل مروت نے کہاکہ ایسے بیانات سے پاکستان کی ساکھ بہت زیادہ متاثر ہوتی ہے، میری دعا ہے کہ عمران خان کی بہنوں کو اللہ توفیق دے کہ یہ تمام معاملات پر خاموش ہو جائیں، یہ گھریلو خواتین ہیں ان کو تو سمجھ ہی نہیں آتی کہ کس سوال کا کیا جواب دینا ہے۔
’پاکستان تحریک انصاف کو بطور پارٹی اس بیان سے اپنے آپ کو فوری الگ کرنا چاہیے تھا لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا، اس سے نقصان پارٹی کا ہو رہا ہے، سمجھ نہیں آ رہی کہ پارٹی کہاں کھڑی ہے، پارٹی اپنی موت آپ مر رہی ہے۔‘
نورین نیازی کے بیان سے پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں، شفیع جان
وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا اور پی ٹی آئی رہنما شفیع جان نے کہاکہ عمران خان کی بہن نورین نیازی کا معرکہ حق کے حوالے سے بیان ان کی ذاتی رائے ہے، پاکستان تحریک انصاف کا اس بیان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایسے بیانات کو عمران خان سے جوڑنا ان کے ساتھ زیادتی ہے، پاکستان کو کوئی بھی فکس نہیں کر سکتا، پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہمارا فرض ہے، پارٹی ذمےداران کو چاہیے کہ وہ ایسے بیانات کا جائزہ لیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان سے بڑا محب وطن کوئی نہیں، جب بھی پاکستان کی سلامتی کی بات آتی ہے تو عمران خان اپنی ذاتی ترجیحات کو سائیڈ پر رکھ دیتے ہیں اور ملک کی بات کرتے ہیں۔
عمران خان کے بیان کو پارٹی کے ساتھ نہیں جوڑنا چاہیے، ہمایوں مہمند
پی ٹی آئی رہنما سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہاکہ نوری نیازی نے جو بیان دیا ہے وہ پارٹی کا بیان نہیں ہے وہ ایک خاتون کا ذاتی بیان ہے، ان کے بیان کو پارٹی کے ساتھ جوڑنا نہیں چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ کچھ نہیں کہا جا سکتا نورین نیازی نے ایسا بیان کیوں دیا ہے، میرا نہیں خیال کہ جو انہوں نے کہا ہے اس کا کوئی جواز ہے، ماضی میں بھی حکومت نے علیمہ خان کے اے آئی انٹرویو پر پروپیگنڈا کیا جو کہ بعد میں جھوٹ نکلا۔
انہوں نے کہاکہ میں نے یہ بیان کسی انٹرویو میں نہیں سنا، لیکن میں پھر بھی نورین نیازی کے بیان کی ذمے داری نہیں لیتا اور نہ ہی میں اس پر کوئی تبصرہ کرنا چاہتا ہوں۔













