کینیڈا میں جنگلاتی آگ بے قابو، دھوئیں نے امریکا کے کئی علاقوں کو لپیٹ میں لے لیا

پیر 20 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کینیڈا میں جنگلاتی آگ کی صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے، جس کے باعث اٹھنے والا دھواں سرحد پار امریکا کے کئی علاقوں تک پہنچ گیا ہے اور فضائی آلودگی خطرناک سطح تک بڑھ گئی ہے۔

کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے وزیر اعلیٰ ڈگ فورڈ نے بتایا کہ صوبے میں جنگلاتی آگ سے متاثرہ رقبہ بڑھ کر تقریباً 7 لاکھ 35 ہزار ہیکٹر تک پہنچ گیا ہے، جو اس سے قبل 6 لاکھ 50 ہزار ہیکٹر تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کینیڈا کے جنگلات میں آگ بے قابو، ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا فیصلہ

حکام کے مطابق شمال مغربی اونٹاریو کے دور دراز علاقوں اور مقامی آبادیوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً ایک ہزار 800 افراد کو محفوظ مقامات، جن میں تھنڈر بے بھی شامل ہے، منتقل کیا گیا ہے۔

اگرچہ اونٹاریو کے بیشتر علاقوں میں فضائی معیار میں بہتری آئی ہے، تاہم امریکا کے وسط مغربی علاقوں میں صورتحال اب بھی تشویشناک ہے۔

امریکی ریاستوں وسکونسن، الینوائے، مشی گن، انڈیانا، اوہائیو، آئیووا اور میسوری سمیت کئی علاقوں میں ہوا کا معیار ’غیر صحت بخش‘ یا ’خطرناک‘ سطح پر برقرار ہے۔

ڈگ فورڈ نے کہا کہ ’ہم ان آگوں پر قابو پانے اور لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے کسی بھی خرچ سے گریز نہیں کریں گے۔‘

یہ بھی پڑھیں: کینیڈا میں ٹِک سے پھیلنے والی خطرناک بیماری ایناپلاسموسس میں اضافہ، ماہرین نے خبردار کردیا

موسمی نظام کے باعث دھوئیں کے بادل جنوب کی جانب منتقل ہوئے، جس کے نتیجے میں امریکا کی 20 سے زائد ریاستوں میں فضائی آلودگی کے الرٹس جاری کیے گئے۔

رپورٹس کے مطابق زیادہ تر آگ ایسے دشوار گزار علاقوں میں لگی ہے جہاں پہنچنا مشکل ہے، جس کی وجہ سے کینیڈا کے اقدامات پر امریکا میں بعض سیاسی حلقوں کی جانب سے تنقید بھی کی جا رہی ہے۔

شمالی اور مغربی اونٹاریو جبکہ شمالی مینیسوٹا کی آگ سے اٹھنے والے شدید دھوئیں نے گزشتہ ہفتے ٹورنٹو کو دنیا کے بدترین فضائی معیار والے شہروں میں شامل کردیا تھا، جس کے بعد یہ دھواں نیویارک اور واشنگٹن تک بھی پہنچ گیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی ریاست واشنگٹن میں خوفناک جنگلاتی آگ، 12 ہزار افراد کا انخلا

ڈگ فورڈ کے مطابق اونٹاریو میں اس وقت تقریباً 190 جنگلاتی آگ فعال ہیں اور صوبائی حکومت کم آبادی والے علاقوں میں صورتحال پر قابو پانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp