فیفا ورلڈ کپ 2026 کے وہ حیران کن اور جذباتی لمحات جو تاریخ کا حصہ بن گئے

منگل 21 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیفا ورلڈ کپ 2026 صرف سنسنی خیز مقابلوں اور نئے عالمی چیمپئن کی وجہ سے ہی یادگار نہیں رہا بلکہ اس نے دنیا بھر کے شائقین کو ایسے ناقابلِ فراموش لمحات بھی دیے جو ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

 لامین یامال کے ننھے بھائی کی معصوم شرارتوں سے لے کر لیونل میسی اور یامال کے جذباتی معانقے، نیکو ولیمز کی والدہ کو میڈل پیش کرنے، کیپ وردے کے گول کیپر کی والدہ سے ملاقات اور ازبکستان کے کمسن مداح کی دل چھو لینے والی کہانی تک، ورلڈ کپ 2026 نے فٹبال سے بڑھ کر انسانی جذبات اور محبت کی خوبصورت تصویر پیش کی۔

لامین یامال کے چھوٹے بھائی کینے نے سب کی توجہ حاصل کر لی

ہسپانوی اسٹار لامین یامال پہلے ہی دنیا کے مقبول ترین نوجوان فٹبالرز میں شمار ہوتے ہیں تاہم ورلڈ کپ کے دوران ان کے صرف تین سالہ بھائی کینے شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئے۔

میچوں کے دوران ٹی وی کیمروں نے بارہا کینے کو ’واموس‘ کے نعرے لگاتے، شرارتیں کرتے اور اپنے بڑے بھائی کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارتے دکھایا۔ اسپین کی تاریخی فتح کے بعد بھی وہ جشن میں شریک رہے اور ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ لامین یامال کے ہمراہ تصاویر بنوائیں۔

لامین یامال نے کہا کہ ان کا بھائی ابھی اتنا چھوٹا ہے کہ اسے اندازہ ہی نہیں کہ دنیا بھر میں لوگ اسے کتنا پسند کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’وہ وہی حرکتیں کرتا ہے جو گھر میں کرتا ہے۔ جب بڑا ہوگا تو اسے احساس ہوگا کہ لوگ اسے کتنا پسند کرتے ہیں، اور مجھے اسے اسکرین پر دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے‘۔

میسی اور لامین یامال: ایک فوٹو شوٹ سے ورلڈ کپ فائنل تک کا سفر

لیونل میسی اور لامین یامال کی کہانی تقریباً دو دہائیوں پر محیط ہے۔ جب یامال صرف پانچ ماہ کے تھے تو ان کے والدین نے بارسلونا کے ایک کھلاڑی کے ساتھ فوٹو شوٹ کا قرعہ جیتا جہاں ان کی ملاقات نوجوان لیونل میسی سے ہوئی۔ اس موقع پر میسی نے ننھے یامال کو گود میں لیا اور انہیں نہلایا بھی۔

تقریباً 19 برس بعد یہی دونوں کھلاڑی ورلڈ کپ کے فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل تھے۔ فائنل کے اختتام پر ارجنٹائن کی شکست کے بعد میسی مایوس کھڑے تھے۔ اس موقع پر یامال ان کے پاس گئے دونوں نے مصافحہ کیا اور ایک دوسرے کو گرمجوشی سے گلے لگایا۔

 نیکو ولیمز نے اپنی ورلڈ کپ میڈل والدہ کے نام کر دیا

ہسپانوی فٹبالر نیکو ولیمز کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں وہ اپنی ورلڈ کپ میڈل اپنی والدہ کو پہناتے نظر آئے۔ والدہ نے جذباتی انداز میں بیٹے کا استقبال کیا، میڈل پہن کر خوشی کا اظہار کیا اور اس تاریخی کامیابی کو یادگار بنا دیا۔

کیپ وردے کے گول کیپر ووزینیا کی والدہ سے جذباتی ملاقات

کیپ وردے کے 40 سالہ تجربہ کار گول کیپر ووزینیا (اصل نام جوسیمار ڈیاس) ٹورنامنٹ کے نمایاں ستاروں میں شامل رہے۔ انہوں نے اسپین کے خلاف شاندار گول کیپنگ کا مظاہرہ کیا تاہم ان کی سب سے بڑی خوشی یہ تھی کہ ان کی والدہ پہلی بار انہیں ورلڈ کپ میں کھیلتے ہوئے دیکھنے امریکا پہنچ سکیں۔

ابتدا میں ویزا اخراجات کے باعث ان کی والدہ سفر نہیں کر سکتی تھیں لیکن سوشل میڈیا پر ان کی کہانی سامنے آنے کے بعد امریکی حکام نے سفری فیس معاف کر دی اور ان کے سفر کا انتظام کیا۔ یوں ماں اور بیٹے کی ملاقات ورلڈ کپ کے سب سے جذباتی لمحات میں شامل ہوگئی۔

ازبکستان کے ننھے مداح کے لیے شاندار اسپورٹس مین شپ

کولمبیا کے خلاف ازبکستان کی 3-1 سے شکست کے بعد ایک کمسن مداح اسفندیار بیگماتوف ٹرافی کے ریپلیکا کو سینے سے لگا کر زار و قطار روتا دکھائی دیا۔ یہ منظر دیکھ کر قریب بیٹھے کولمبیا کے شائقین نے ’ازبکستان، ازبکستان‘ کے نعرے لگا کر بچے کی حوصلہ افزائی کی۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by 433 (@433)

بعد ازاں ازبکستانی ٹیم نے اس بچے کو خصوصی طور پر ٹریننگ سیشن میں مدعو کیا جہاں اسے دستخط شدہ جرسی، کھلونا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کا موقع ملا جس نے اس کی اداسی کو خوشی میں بدل دیا۔

پالتو بطخ ’مرلن‘ بن گئی ورلڈ کپ کی غیر سرکاری اسٹار

مرلن نامی ایک پالتو بطخ بھی ورلڈ کپ 2026 کی غیر متوقع مشہور شخصیت بن گئی۔ میکسیکو کی جرسی پہنے مرلن کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں اور وہ ٹورنامنٹ کی غیر سرکاری علامت بن گئی۔

مرلن کی مقبولیت اس قدر بڑھی کہ اس کی ملاقات میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین باؤم سے بھی ہوئی۔ راؤنڈ آف 16 میں انگلینڈ کے ہاتھوں میکسیکو کی شکست کے بعد ایک میکسیکن مداح نے مرلن کا نرم کھلونا ایک کمسن انگلش مداح کو تحفے میں دیا جو کھیل کے میدان سے باہر دوستی اور محبت کی خوبصورت مثال بن گیا۔

کوراساؤ نے تاریخ کا پہلا ورلڈ کپ گول کر دیا

ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ شریک ہونے والی کوراساؤ کی ٹیم نے جرمنی کے خلاف اگرچہ 7-1 سے شکست کھائی لیکن اس میچ میں اس نے اپنی تاریخ کا پہلا ورلڈ کپ گول اسکور کیا۔ یہ گول کیریبین ملک کے لیے ایک تاریخی لمحہ بن گیا جس پر نہ صرف کوراساؤ بلکہ دنیا بھر میں موجود اس کے شہریوں نے بھرپور خوشی کا اظہار کیا۔

اگرچہ ٹیم کامیابی حاصل نہ کر سکی لیکن پہلا عالمی کپ گول ان کے لیے ایک ایسا سنگ میل ثابت ہوا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

کیا مصنوعی ذہانت انسان کے قابو سے باہر ہو رہی ہے؟ اوپن اے آئی کے ماڈل نے ٹیسٹ کے دوران حدود توڑ دیں

مودی کا مؤقف مسترد، کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج میں تیزی لانے کا اعلان، حکومت نے پھر مہلت مانگ لی

کراچی: لی مارکیٹ میں کھدائی کے دوران 2 مجسمے برآمد، ماہرین نے تحقیق شروع کر دی

خیبر پختونخوا میں 27 جولائی تک بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

سوشل میڈیا نے تخلیقی صلاحیتوں کو محدود کر دیا، لوگ صرف ٹرینڈز کے پیچھے بھاگ رہے ہیں، جاوید اختر

ویڈیو

پاکستان کا دوٹوک انتباہ، حوثی باغیوں کی خیر نہیں، ایران کا بڑا اعلان، امریکا کی چال بھی ناکام

مودی نے طلبا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے، بھارتی ایجنسی کس طرح پاکستانی صحافیوں کو استعمال کرنے کی کوشش کررہی ہے؟

قدیم انجینیئرنگ سے دنیا حیران، 2 ہزار سال پرانا چینی تالا جسے کھولنے کے لیے محض چابی نہیں بڑا دماغ بھی چاہیے

کالم / تجزیہ

قائداعظم کے بارے میں سازشی تھیوریز نہ گھڑیں

مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کا ابھرتا ہوا کردار

شفاف انتخابات کا فریب