بھارتی کامیڈین کپل شرما نے کہا ہے کہ ان کے خرچے پورے نہیں ہو رہے اس وجہ سے انہوں نے وی لاگ بنانا شروع کر دیا ہے۔
کپل شرما نے اپنے یوٹیوب چینل پر اپنا پہلا وی لاگ شیئر کیا ہے، جس میں انہوں نے اپنے مداحوں کو دن بھر کی مصروفیات کے بارے میں تفصیل سے بتایا کہ وہ کس کب گھر سے نکلتے ہیں اور دن بھر مصروف رہنے کے بعد کب فارغ ہو کر گھر لوٹتے ہیں۔
پہلے وی لاگ میں ’کپل شرما شو‘ کی شوٹنگ کا احوال بھی دکھایا گیا ہے، جس میں وکی کوشل اور سارہ علی خان بھی شامل تھیں۔ کپل نے ناظرین کو اپنے عملے سے متعارف کرایا، ان کی گپ شپ سے لگ رہا تھا کہ وہ ان کے ساتھ دوستانہ تعلق رکھتے ہیں۔
کپل شرما نے بتایا کہ وہ دوپہر 2 بجے گھر سے نکلتے ہیں اور فلم سٹی جانے سے قبل جم سے دن کا آغاز کرتے ہیں پھر شو کے سیٹ پر پہنچتے ہیں۔ شوٹنگ پر پہنچ کر انہیں پتا چلا کہ ان کے مہمان وکی کوشل اور سارہ علی خان بوجوہ تاخیر کا شکار ہیں۔ اس لیے کپل شرما نے اپنے ناظرین کو فلم سٹی کی سیر کروائی اور دکھایا کہ فلم سٹی ممبئی میں ہونے کے باوجود پُرسکون ہے، کیوں کہ یہاں وہی آتے ہیں جنہیں یہاں کام کرنا ہوتا ہے۔
کپل نے فلم سٹی میں موجود مشہور شو بگ باس، بگ باس ملیالم اور کچھ دیگر ٹیلی شوز کے سیٹ بھی مداحوں کو دکھائے۔ انہوں نے اپنے پرانے شو ’کامیڈی نائٹس ود کپل شرما‘ کے سیٹ کی ایک جھلک بھی ناظرین کو دکھائی اور بتایا کہ 2013 میں ان کے سیٹ کو آگ لگ گئی تھی اور انہیں نئے اسٹوڈیو میں منتقل ہونا پڑا تھا۔ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگنے والی آگ کے باعث 20 سے 22 کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا۔
کپل نے اپنے مداحوں کو بیک اسٹیج پر ہونے والی سرگرمیاں بھی دکھائیں، جہاں انہوں نے وکی کوشل اور سارہ علی خان کا انتظار کرتے ہوئے ریہرسل میں مصروف دیگر کاسٹ سے بھی متعارف کرایا۔ مہمانوں کی آمد میں تاخیر کی وجہ سے کپل نے اسٹوڈیو میں موجود شرکا کے لیے کئی گانے بھی سنائے اور انہیں محظوظ کیے رکھا تاکہ وہ بوریت کا شکار نہ ہوں۔
اداکار وکی کوشل اور سارہ علی خان اپنی آنے والی فلم ’ذرا ہٹ کے ذرا بچ کے‘ کی تشہیر کے لیے وہاں پہنچے تو ’کپل شرما شو ‘کی ریکارڈنگ شروع کردی گئی۔ یاد رہے کہ 18 گھٹنے قبل اپ لوڈ کیے گئے وی لاگ کو ابتک 12 لاکھ سے زائد شائقین دیکھ چکے ہیں۔