تھانہ کراچی کمپنی کی حدود میں پولیس پارٹی پر ملزمان کے مبینہ حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں زیر حراست ایک ملزم زخمی ہو گیا جبکہ اس کے فرار ہونے والے ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے سی ٹی ڈی کی کارروائی کامیاب ، اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے 6 دہشتگرد ہلاک
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق، کراچی کمپنی پولیس ٹیم ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات میں گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر مال مسروقہ برآمد کر کے واپس آ رہی تھی کہ راستے میں پہلے سے گھات لگائے بیٹھے نامعلوم مسلح ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔
یہ بھی پڑھیے اسلام آباد پولیس پر فائرنگ، زیرحراست 2 ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے زخمی
ترجمان کا بتانا ہے کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 3 نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے کی جانے والی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آ کر زیر حراست ملزم تبسم عرف علی شدید زخمی ہو گیا، جبکہ اس دوران دوسرے زیر حراست ملزم نواز بیگ نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ تاہم، پولیس ٹیم نے جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کچھ ہی فاصلے پر فرار ہونے والے ملزم نواز بیگ کو دوبارہ قابو کر لیا۔
پولیس کے مطابق بلٹ پروف جیکٹس اور بروقت حفاظتی اقدامات کے باعث پولیس ٹیم حملے میں محفوظ رہی۔ واقعے کے بعد زخمی ملزم تبسم عرف علی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے اسلام آباد پولیس مقابلہ : ملزمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار اور زخمی دونوں ملزم (تبسم عرف علی اور نواز بیگ) ڈکیتی، راہزنی، پولیس پر فائرنگ اور دیگر سنگین جرائم کے درجنوں مقدمات میں اسلام آباد پولیس کو مطلوب تھے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چھینا گیا موٹر سائیکل اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کر لیا ہے، جبکہ مفرور ساتھی ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔










