وفاقی دارالحکومت کے تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں زیر حراست ملزم کو لے جانے والی پولیس ٹیم پر اس کے ساتھیوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
جس کے نتیجے میں ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا، جبکہ پولیس اہلکار محفوظ رہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس ٹیم زیر حراست ملزم خلیق اختر کو اس کی نشاندہی پر برآمدگی کے بعد واپس لے جا رہی تھی کہ راستے میں گھات لگائے ملزم کے ساتھیوں نے اچانک پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی جرائم پیشہ اور غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف کارروائی، افغان شہروں سمیت سینکڑوں منشیات فروش گرفتار
ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کے دوران زیر حراست ملزم خلیق اختر اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا، جبکہ پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر حفاظتی اقدامات کی بدولت محفوظ رہے۔
زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق خلیق اختر اقدام قتل، منشیات فروشی اور دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے اور اسلام آباد پولیس کو مطلوب تھا۔
ملزم کے قبضے سے ایک غیر قانونی پستول اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے مزید بتایا کہ حملے میں ملوث ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔














