روس کے زیرِ قبضہ یوکرین کے زاپوریژژیا ریجن میں واقع ایک تفریحی کیمپ پر رات گئے ہونے والے ڈرون حملے میں 5 بچوں سمیت 12 افراد ہلاک جبکہ 19 زخمی ہو گئے۔
روس کی جانب سے قائم مقامی حکام نے ہفتے کے روز اس حملے کا الزام یوکرین پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی ثالثی میں روس یوکرین مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہ نکل سکا، ابوظبی بیٹھک بغیر کسی پیشرفت کے ختم
تاہم یوکرینی حکام نے اس خبر پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
روسی حمایت یافتہ زاپوریژژیا کے گورنر ییوگینی بالٹسکی کے مطابق حملہ بحیرہ آزوف کے ساحل پر واقع سیاحتی مقام کیریلیوکا میں ہوا، جو میلیتوپول شہر کے قریب واقع ہے۔
🇺🇦🇷🇺 Ukraine struck a recreational facility in Zaporozhye region — 11 dead, including four children
All were locals, likely ethnic Ukrainians pic.twitter.com/MgCCcyoSqb
— The Other Side Media (@TheOtherSideRu) July 25, 2026
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے دعویٰ کیا کہ یوکرینی ڈرونز نے کیمپ میں سوئے ہوئے افراد کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے اس حملے کو ‘غیرانسانی جرم’ قرار دیتے ہوئے روس کے کیروف ریجن میں جمعرات کو ایک فیکٹری پر ہونے والے حملے کا بھی حوالہ دیا، جس میں 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیوز میں تفریحی کیمپ کی تباہ شدہ عمارتیں، جلی ہوئی گاڑیاں اور سوئمنگ پول کے قریب ملبے کے ڈھیر دکھائی دیتے ہیں۔
مزید پڑھیں: روس کا یوکرین کے دارالحکومت کیف پر میزائلوں اور ڈرونز سے بڑا حملہ، ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی
بالٹسکی کے مطابق روسی وزارتِ ہنگامی حالات کے امدادی اہلکاروں نے ملبے تلے سے ایک بچے سمیت 2 زندہ افراد کو نکال لیا، جبکہ ایک اور لاش بھی برآمد کی گئی۔
ان کے بقول ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، انہوں نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ دشمن جانتا تھا کہ وہ کس کو نشانہ بنا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کیف کی حکومت اخلاقی اصولوں کو نظر انداز کرتے ہوئے دانستہ طور پر بالغوں اور بچوں سمیت شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔
مزید پڑھیں: سی آئی اے اور ایم آئی6 نے 4 سال قبل روس کے یوکرین پر حملے کا پیشگی اندازہ کیسے لگایا؟
دوسری جانب روسی تحقیقاتی کمیٹی نے اس حملے کے بعد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
روس اور یوکرین دونوں جنگ کے دوران شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کی تردید کرتے رہے ہیں۔
یہ جنگ فروری 2022 میں روس کے یوکرین پر مکمل حملے کے بعد شروع ہوئی تھی۔











