ملک بھر میں مون سون کی تباہ کاریاں جاری، مزید 11 افراد جاں بحق، سندھ میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

اتوار 26 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں سے متعلق مختلف حادثات میں مزید 11 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے سندھ کے مختلف اضلاع میں آئندہ دو روز کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

قومی آفات سے نمٹنے کے ادارے (این ڈی ایم اے) کی ہفتہ وار صورتحال رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 7، سندھ میں 2، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں ایک، ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات کا سیلابی انتباہ

ان حادثات میں 25 افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں پنجاب کے 20، خیبر پختونخوا کے 3 اور سندھ کے 2 افراد شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 26 جون سے شروع ہونے والے مون سون سیزن کے دوران اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 97 جبکہ زخمیوں کی تعداد 297 ہو چکی ہے۔

اسی عرصے میں 447 مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 269 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ مون سون بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی راجستھان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، تاہم اس کی شدت میں بتدریج کمی آنے کا امکان ہے۔

اس کے باوجود طاقتور مون سون ہوائیں ملک کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث سندھ کے مختلف اضلاع میں آج اور کل وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، حیدرآباد، سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، خیرپور اور نوشہرو فیروز میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

کراچی کے بارے میں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 3 روز تک مطلع ابر آلود اور موسم مرطوب رہے گا، شہر میں آج ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی

جبکہ پیر اور منگل کو وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے اور مضافاتی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، شہری سیلاب اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp