مون سون کی تباہ کاریاں جاری، ملک بھر میں اموات 100 سے تجاوز، مزید بارشوں کی پیشگوئی

اتوار 26 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث اموات کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پیر کے روز پنجاب میں مزید سات اور خیبرپختونخوا میں 3 اموات کی تصدیق کی ہے۔

26 جون سے اب تک اموات کی مجموعی تعداد 107 ہو گئی

این ڈی ایم اے کی جانب سے دن ایک بجے تک کے 24 گھنٹوں پر مبنی جاری کردہ روزانہ صورتحال رپورٹ کے مطابق پنجاب کے اضلاع گوجرانوالہ اور اوکاڑہ میں 2، 2 اموات ریکارڈ کی گئیں، جبکہ سرگودھا، نارووال اور سیالکوٹ میں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا۔

خیبرپختونخوا میں ہنگو میں 2 اور شانگلہ میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ اتھارٹی کے مطابق اموات کی وجوہات میں مکانات کا انہدام، کرنٹ لگنا اور ڈوبنا شامل ہیں۔

اسی 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں کم از کم 47 افراد زخمی ہوئے، جبکہ خیبرپختونخوا کے ہنگو میں 3 افراد زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں بارشیں: مختلف حادثات میں 31 افراد جاں بحق، راولپنڈی اسلام آباد میں رین ایمرجنسی نافذ

این ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق 26 جون سے اب تک ملک بھر میں مون سون بارشوں کے دوران مجموعی طور پر 107 اموات ہو چکی ہیں۔

سب سے زیادہ 55  اموات خیبرپختونخوا میں ہوئیں، اس کے بعد پنجاب میں 36، آزاد جموں کشمیر میں 7، بلوچستان میں 6، سندھ میں 2 اور گلگت بلتستان میں ایک شخص کی موت ریکارڈ کی گئی۔

29 جولائی سے ملک کے بالائی علاقوں میں نئی برساتی لہر متوقع

محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے پیشگوئی کی ہے کہ 29 جولائی سے ملک کے تمام بڑے دریاؤں کے بالائی کیچمنٹ ایریاز کے علاوہ اسلام آباد، بالائی پنجاب، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں نئی برساتی لہر کا آغاز متوقع ہے۔ تاہم 28 جولائی (منگل) تک ‘سیلابی نوعیت’ کی بارش کا کوئی امکان نہیں۔

محکمے کے مطابق پیر دوپہر تک تمام بڑے دریاؤں کے بالائی کیچمنٹ کے ساتھ ساتھ اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ‘وقفے وقفے’ سے بارش، تیز ہواؤں اور جھکڑ کا امکان ہے۔

پیر دوپہر تک 24 گھنٹوں کے لیے صوبہ وار پیشگوئی کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، چترال، ہری پور، کوہاٹ، کوہستان، مانسہرہ، مردان، نوشہرہ، شانگلہ، سوابی، سوات، تور غر اور دیر میں بارش کا امکان ہے۔

پنجاب میں بارش کا امکان

اسی طرح پنجاب میں اٹک، بہاولنگر، بہاولپور، چکوال، چنیوٹ، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گوجرات، حافظ آباد، جھنگ، جہلم، قصور، خانیوال، خوشاب، لاہور، لودھراں، منڈی بہاؤالدین، ملتان، مظفر گڑھ، ننکانہ صاحب، نارووال، اوکاڑہ، پاکپتن، راولپنڈی، ساہیوال، سرگودھا، شیخوپورہ، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور وہاڑی میں بارش متوقع ہے۔

سندھ میں بارش کا امکان

سندھ میں بدین، حیدرآباد، مٹیاری، میرپورخاص، سانگھڑ، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، تھرپارکر اور عمرکوٹ جبکہ بلوچستان میں بارکھان، ڈُکی، قلات، خضدار، کوہلو، لورالائی اور موسیٰ خیل میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد سمیت ملک بھر میں موسلا دھار بارشیں، ڈی آئی خان میں 8 ہلاکتیں، این ڈی ایم اے کا ہنگامی الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے ایک علیحدہ ایڈوائزری میں کراچی کے لیے اتوار کو آبر آلود اور مرطوب موسم کے ساتھ ہلکی بارش، بوندا باندی جبکہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں جھکڑ اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

پیر اور منگل کو بھی شہر میں آبر آلود موسم اور کہیں کہیں بوندا باندی جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دریائے راوی میں درمیانے درجے کا سیلاب، چناب اور راوی ہائی رسک پر

پی ایم ڈی کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق شام 6 بجے تک ملک کے بیشتر بڑے دریا نارمل سے کم سیلابی سطح پر بہہ رہے تھے۔

تاہم دریائے راوی میں سدھنائی ہیڈ ورکس کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافے کے ساتھ درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جسڑ اور شاہدرہ کے مقامات پر سطح نارمل رہی اور بلوکی میں کم درجے کا سیلاب رہا۔

دریائے سندھ 3 بیراجوں پر نارمل جبکہ 4 دیگر مقامات پر کم درجے کے سیلاب کی سطح پر بہہ رہا تھا۔ جہلم اور ستلج نارمل سطح پر رہے۔ دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ بھی کم ہوا اور مرالہ، خانکی، قادرآباد اور ترموں بیراجوں پر کم درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے صبح ساڑھے 11 بجے اپنی اپ ڈیٹ میں بتایا تھا کہ کالاباغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو کے مقامات پر دریائے سندھ اگلے 48 گھنٹوں تک کم درجے کے سیلاب کی سطح پر برقرار رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں مون سون کی تباہ کاریاں جاری، مزید 11 افراد جاں بحق، سندھ میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

تاہم محکمے نے دریائے چناب اور راوی کو اپنے ‘فلڈ سیویریٹی سکیل’ پر ‘ہائی رسک’ کی سطح پر رکھا ہے۔

پنجاب حکومت کی شہریوں کو سیلابی علاقوں سے فوری انخلا کی اپیل

پنجاب کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اتوار کی صبح جاری بیان میں کہا کہ صوبے میں دریا بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا شکار ہیں، تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آبی گزرگاہوں میں بہاؤ مستحکم رہا۔

اتھارٹی کے مطابق نارووال کی بسنتر نالے میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ وزیرآباد کے پھالکو نالے میں 5,000 کیوسک بہاؤ کے ساتھ اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل نے سیلابی علاقوں میں مقیم شہریوں سے فوری طور پر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے کی اپیل کی اور یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ علاقوں کے لیے صوبائی حکومت نے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ ‘سیلاب ریلیف کیمپوں میں تمام بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی’۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں بارش کی مقدار

پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نورپور تھل میں 115 ملی میٹر، گوجرانوالہ میں 107 ملی میٹر، گوجرات میں 94 ملی میٹر، نارووال میں 68 ملی میٹر، منڈی بہاؤالدین میں 65 ملی میٹر، سیالکوٹ ایئرپورٹ پر 52 ملی میٹر، اوکاڑہ میں 46 ملی میٹر، جوہرآباد میں 40 ملی میٹر اور سرگودھا میں 38 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

مزید پڑھیں:سندھ میں 25 جولائی تک موسلادھار مون سون بارشوں کا امکان، پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر میں الرٹ جاری کر دیا

اسی دوران لاہور میں 37 ملی میٹر، منگلا میں 37 ملی میٹر، جہلم میں 32 ملی میٹر، شیخوپورہ میں 28 ملی میٹر، حافظ آباد اور قصور میں 27، 27 ملی میٹر، چکوال میں 20 ملی میٹر، بہاولنگر میں 18 ملی میٹر اور خانیوال میں 16 ملی میٹر بارش ہوئی۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ 5 دنوں کے دوران لاہور میں مجموعی طور پر 450 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جبکہ راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، اٹک، مری اور بہاولپور میں بھی بارش ہوئی۔

پی ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں میں دریاؤں اور نہروں میں سیلاب کے خطرے کے علاوہ مری جیسے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے سے بھی خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ شدید بارش کچے مکانات کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

کیپٹن محمد سرور شہید کا 78واں یوم شہادت، یہ قربانی آج بھی قوم کے لیے مشعل راہ ہے، افواج پاکستان

رجب بٹ پھر خبروں کی زینت، مقدمہ بھی درج اور دولت کا انکشاف بھی

پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے اہم معمار ڈاکٹر پرویز بٹ انتقال کر گئے

پہلا ٹیسٹ: پہلی انگز میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 311 رنز پر آؤٹ، محمد علی کے 4 شکار

صدر ٹرمپ نے سفارت کاری کو موقع دینے کے لیے ایران کے خلاف حملے روک دیے ہیں، مائیک والٹز کی تصدیق

ویڈیو

پہلا ٹیسٹ: پہلی انگز میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 311 رنز پر آؤٹ، محمد علی کے 4 شکار

اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں، چوہدری پرویز اقبال لوسر

بڑے بڑے دعوے، مگر کراچی آج بھی اپنے بچوں کو نہیں بچا سکا، کھلے مین ہول نے ایک اور معصوم کی جان لے لی

کالم / تجزیہ

دو ہم سفر دو ہم عصر: منیر نیازی اور محمد سلیم الرحمان

ہوا دان، منگھ، بادگیر یا بادکش

قائداعظم کے بارے میں سازشی تھیوریز نہ گھڑیں