جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم 27 جولائی سے 8 اگست تک پاکستان کا تاریخی دورہ کرے گی، جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 4 بین الاقوامی ٹیسٹ میچز اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
وزارت بین الصوبائی رابطہ کے مطابق جنوبی کوریا کی ٹیم کے دورے سے پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی سرگرمیوں کی بحالی کو نئی تقویت ملے گی اور قومی کھیل کے فروغ میں اہم پیشرفت ہوگی۔
مزید پڑھیں:ہاکی ورلڈ کپ کی تیاری، پاکستان ٹیم کے انتخاب کے لیے نیا معیار مقرر
جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم کا دورہ ملک میں کھیلوں کے فروغ سے متعلق وزیراعظم پاکستان کے وژن کی عکاسی کرتا ہے اور یہ پاکستان میں قومی کھیل ہاکی کی بحالی کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جنوبی کوریا کی ٹیم کا دورہ پاکستان میں قومی کھیل کی بحالی کی جانب ایک تاریخی پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے سے پاکستان کے پرامن اور محفوظ تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
وفاقی سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی کے مطابق جنوبی کوریا کی ٹیم کا دورہ پاکستان کی اسپورٹس سفارتکاری اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اعلامیے کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم کو اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی، پروٹوکول اور دیگر انتظامی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ دورہ کامیاب اور خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکے۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی، جنوبی کوریا کی ٹیم کے دورے کااعلان
واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم 15 سے 30 اگست تک ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ میں روانگی سے قبل کوریا کے ساتھ 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔
عالمی درجہ بندی میں پاکستان 12ویں اور کوریا 20ویں نمبر پر ہے۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے ہاکی ورلڈکپ 2026 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ میگا ایونٹ میں پاکستان ٹیم 8 سال بعد شرکت کر رہی ہے۔
شیڈول کے مطابق ہاکی کا عالمی کپ 15 سے 30 اگست تک نیدرلینڈز میں منعقد ہوگا۔ جس میں پاکستان اور بھارت سمیت ہاکی کی بہترین ٹیموں کے درمیان ایک ٹرافی کے لیے 15 روز تک میدانوں میں جنگ جاری رہے گی۔
گرین شرٹس ٹورنامنٹ میں اپنے سفر کا آغاز ہفتہ 15 اگست کو انگلینڈ کے خلاف میچ سے کریں گے۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے شروع ہوگا۔
مزید پڑھیں:جب پاکستان ہاکی نے ارجنٹائن کو عالمی فٹبال کپ جتوایا
قومی ٹیم اپنا دوسرا میچ پیر 17 اگست کو ویلز کے خلاف کھیلے گی یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے 3 بجے شروع ہوگا۔
روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا میچ بدھ 19 اگست کو کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوگا۔













