ایپل کے آئندہ فلیگ شپ اسمارٹ فون آئی فون 18 پرو سے متعلق افواہیں تیزی سے گردش کر رہی ہیں جن کے مطابق کمپنی اس ماڈل میں جدید 2 نینو میٹر A20 چپ، ویری ایبل اپرچر کیمرا، چھوٹا ڈائنامک آئی لینڈ، زیادہ طاقتور بیٹری اور نئی لانچ حکمتِ عملی متعارف کرا سکتی ہے۔ تاہم ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان میں سے کئی فیچرز ایسے ہیں جنہیں عام صارفین شاید روزمرہ استعمال میں زیادہ محسوس نہ کر سکیں۔
رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 پرو میں استعمال ہونے والی A20 چپ کو ٹی ایس ایم سی کی 2 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر تیار کیا جائے گا جس سے فون کی رفتار، پاور ایفیشنسی اور مصنوعی ذہانت (AI) سے متعلق صلاحیتوں میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔ تاہم ماہرین کے مطابق موجودہ آئی فونز پہلے ہی روزمرہ کے بیشتر کام باآسانی انجام دیتے ہیں اس لیے عام صارف کے لیے اس اضافی فرق زیادہ واضح نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل کی صارفین کے لیے اے آئی نیا شاپنگ اسسٹنٹ متعارف کرانے کی تیاری
دوسری جانب ایپل پہلی بار آئی فون میں ویری ایبل اپرچر کیمرا متعارف کروا سکتا ہے جس کے ذریعے مختلف روشنی کے حالات میں تصاویر کا معیار مزید بہتر ہو سکے گا۔ اگرچہ یہ فیچر فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے لیکن زیادہ تر صارفین بدستور خودکار کیمرا موڈ ہی استعمال کریں گے۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئی فون 18 پرو میں ڈائنامک آئی لینڈ پہلے سے چھوٹا کیا جا سکتا ہے جس سے صارفین کو زیادہ اسکرین اسپیس ملے گی اور ویڈیوز دیکھنے، ویب براؤزنگ اور دیگر سرگرمیوں کا تجربہ بہتر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: کیا ایپل آئی فون ایئر 2 بڑا سرپرائز دینے جارہا ہے؟ لانچ اور نئے فیچرز سے متعلق اہم تفصیلات
بیٹری کے حوالے سے بھی بہتری کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئی فون 18 پرو میکس میں بڑی بیٹری دی جا سکتی ہے جبکہ نئی A20 چپ اور C2 موڈیم کی بدولت بیٹری لائف مزید بہتر ہونے کا امکان ہے۔ تاہم اس اضافی بیٹری کے باعث پرو میکس ماڈل پہلے سے کچھ زیادہ موٹا اور بھاری بھی ہو سکتا ہے۔
یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ ایپل اپنی روایتی لانچ حکمتِ عملی تبدیل کرنے پر غور کر رہا ہے۔ امکان ہے کہ کمپنی ستمبر 2026 میں صرف پرو ماڈلز اور فولڈیبل آئی فون متعارف کرائے جبکہ دیگر نسبتاً کم قیمت آئی فون ماڈلز کو 2027 کے موسمِ بہار میں لانچ کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا آئی فون 18 پرو ایپل کی تاریخ کا سب سے بڑا اپ گریڈ ثابت ہوگا؟ 7 بڑی لیکس نے تہلکہ مچا دیا
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ آئی فون 18 پرو تکنیکی اعتبار سے ایپل کا اب تک کا سب سے جدید اسمارٹ فون ثابت ہو سکتا ہے تاہم عام صارفین کے لیے سب سے اہم بہتریاں بہتر بیٹری، کم روشنی میں بہتر کیمرا کارکردگی، چھوٹا ڈائنامک آئی لینڈ اور طویل عرصے تک تیز رفتار کارکردگی ہی ہوں گی۔
ان کے مطابق اصل سوال یہ نہیں کہ ایپل آئی فون 18 پرو میں کتنی جدید ٹیکنالوجی شامل کرتا ہے بلکہ یہ ہے کہ صارفین روزمرہ استعمال کے دوران ان تبدیلیوں کو کس حد تک محسوس کر پاتے ہیں۔














