آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پہلے مرحلے کے انتخابات میں پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، جن کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر میں قائم 13 حلقوں میں ووٹنگ کا انعقاد مکمل ہوا۔ شام 5 بجے مقررہ وقت پر پولنگ بند ہونا تھی، تاہم ووٹرز کی سہولت کے پیش نظر مزید ایک گھنٹے کی توسیع دی گئی، جس کے بعد ووٹنگ کا سلسلہ 6 بجے تک جاری رہا۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر عام انتخابات کا پہلا مرحلہ، میرپورڈویژن کے 13 حلقوں سے نتائج آنا شروع
مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کر دیا گیا جس کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق اس وقت تک پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے درمیان ہی کانٹے کا مقابلہ چل رہا ہے۔
غیر حتمی اورغیر سرکاری نتائج کے مطابق اس وقت تک موصولہ نتائج میں 13 حلقوں میں سے مسلم لیگ ن کو 8 حلقوں میں برتری حاصل ہے جبکہ 5 حلقوں میں پاکستان پیپلز پارٹی ن لیگ سے آگے ہے۔
آزاد جموں کشمیر میں عام انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف حلقوں سے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہو رہے ہیں، جن کے مطابق مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے مطابق پولنگ کا عمل پرامن ماحول میں مکمل ہوا، جسے ناظرین جمہوری تسلسل اور آزاد کشمیر کے عوام کے پاکستان سے قلبی لگاؤ کا مظہر قرار دے رہے ہیں۔
حلقہ ایل اے ون، میرپور ون کا نتیجہ
حلقہ ‘ایل اے ون میرپور ون’ سے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اظہر صادق 1692 ووٹ حاصل کر کے پہلی پوزیشن پر ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد افسر شاہد 1482 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
حلقہ ایل اے 5، بھمبر میں کانٹے دار مقابلہ
حلقہ ‘ایل اے 5 بھمبر’ کے 10 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے وقار احمد 2545 ووٹ لے کر برتری پر ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری پرویز اشرف 2145 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر ہیں۔
حلقہ ایل اے 7 ، بھمبر 3 میں مسلم لیگ (ن) کی نمایاں کامیابی
حلقہ ‘ایل اے 7 بھمبر تھری’ کے 81 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے طارق فاروق نمایاں برتری کے ساتھ 14560 ووٹ لے کر سرفہرست ہیں، جبکہ آزاد امیدوار چوہدری انوار الحق 9280 ووٹ حاصل کر کے دوسری پوزیشن پر ہیں۔
حلقہ ایل اے 8 ، کوٹلی ون میں پیپلز پارٹی کی سبقت
حلقہ ‘ایل اے 8 کوٹلی ون’ کے 10 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک 1221 ووٹ لے کر آگے ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد نواز 1174 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر ہیں۔
عوام کا جمہوریت پر اعتماد بحال
آزاد کشمیر کے عوام نے ایک بار پھر بھرپور تعداد میں ووٹنگ کے عمل میں حصہ لے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ جمہوری اقدار پر مکمل یقین رکھتے ہیں اور پاکستان کے آئینی و جمہوری نظام کے ساتھ ان کی وابستگی مزید مضبوط ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں:آزاد کشمیر: انتخابی مہم آخری مرحلے میں داخل، تگڑے مقابلوں والے حلقے کونسے، کون کس کے مدمقابل ہے؟
پرامن پولنگ اور شفاف انتخابی عمل کو خطے کے استحکام اور پاک۔کشمیر تعلقات کے تناظر میں ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ حتمی اور سرکاری نتائج کا اعلان تمام پولنگ اسٹیشنز سے ڈیٹا موصول ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 14 لاکھ 437 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، جن میں 7 لاکھ 24 ہزار 811 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 626 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
انتخابات کے لیے ڈویژن بھر میں 2316 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ۔ ان میں 1241 انتہائی حساس، 724 حساس جبکہ 351 نارمل پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں، جہاں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔
میرپور ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 288 امیدواروں نے قسمت آزمائی کی۔ سب سے زیادہ امیدوار حلقہ ایل اے 3 میرپور سٹی سے میدان میں ہیں، جہاں 34 امیدوار مدِمقابل ہیں۔
آزاد کشمیر انتخابات 2026 کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن میں پولنگ کا عمل پرامن ماحول میں جاری رہا۔ کمشنر میرپور ڈویژن راجا طاہر ممتاز خان نے میرپور شہر کے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرکے انتخابی انتظامات، سیکیورٹی اور عوامی سہولیات کا جائزہ لیا۔
کمشنر نے سیکٹر سی ٹو اور وارڈز 16 اور 17 میں قائم پولنگ اسٹیشنز کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود انتخابی عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے رہا ہے اور پورے میرپور ڈویژن میں ووٹنگ کا عمل پرامن ماحول میں جاری ہے۔













