وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ پاکستان کے توانائی تحفظ کا ایک اہم ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ریفائنریز نہ صرف ملک کی توانائی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کریں گی بلکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے اور ماحول دوست ایندھن کی فراہمی میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ ریفائنریز کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے ان کی اپ گریڈیشن ناگزیر ہے، جبکہ یورو-4 اور یورو-5 معیار کے ایندھن کی پیداوار پاکستان کے بین الاقوامی ماحولیاتی وعدوں کی تکمیل، فضائی آلودگی میں کمی اور عوام کو بہتر معیار کا ایندھن فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی کارکردگی بہتر بنانے اور مارکیٹ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اصلاحات متعارف کرائی جائیں تاکہ توانائی کے شعبے میں مسابقت، شفافیت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔@KulAalam @sajidsheikh321 pic.twitter.com/cIZJ0MyExD
— Media Talk (@mediatalk922) July 28, 2026
انہوں نے زور دیا کہ نئی پالیسی پر مؤثر اور بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے اصلاحاتی عمل تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے براؤن فیلڈ ریفائنریز سے متعلق ترمیم شدہ پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 کے فروغ کے لیے قطر، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں روڈ شوز منعقد کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اس پالیسی میں ترامیم کے حوالے سے وزیر پیٹرولیم اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹیجک ذخائر بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔
مزید پڑھیں:بھارت کو فاش غلطی کا خمیازہ ضرور بھگتنا ہوگا، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا قوم سے خطاب
اجلاس کو بتایا گیا کہ براؤن فیلڈ ریفائنریز سے متعلق پالیسی میں کی گئی ترامیم کا مقصد ماحول دوست یورو-5 معیار کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار کو یقینی بنانا، فرنس آئل کی پیداوار میں کمی لانا اور کم معیار کی پیٹرولیم مصنوعات پر انحصار کم کرنا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، احسن اقبال، متعلقہ وفاقی سیکریٹریز اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔














