جاپان کے جنوبی جزیرے کیوشو کے کوماموتو صوبے میں منگل کو 7.1 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، کئی عمارتیں منہدم ہو گئیں، مختلف علاقوں میں آگ لگنے اور سڑکوں و پلوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع اور ریل سروس معطل کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: جاپان میں 7.6 شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جاپانی حکومت نے کوماموتو، ناگاساکی، کاگوشیما، فوکوؤکا، ساگا، اوئیتا اور میازاکی سمیت جنوبی کیوشو کے متعدد صوبوں کے لیے ہنگامی زلزلہ انتباہ جاری کیا۔ جاپان کے محکمہ موسمیات نے ابتدائی طور پر ایک میٹر بلند سونامی کی وارننگ بھی جاری کی، تاہم تقریباً 2 گھنٹے بعد سمندر میں غیرمعمولی سرگرمی نہ ہونے پر یہ انتباہ واپس لے لیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ زلزلہ خشکی میں آیا تھا اور اب تک سونامی کی کوئی سرگرمی ریکارڈ نہیں ہوئی، اسی لیے سمندر کی صورتحال معمول پر رہنے کی صورت میں سونامی سے متعلق تمام انتباہات جلد ختم کردیے جائیں گے۔
جاپان کی وزیراعظم سانائے تاکائیچی نے بتایا کہ زلزلے کے بعد متعدد افراد کے زخمی ہونے، عمارتوں کے گرنے، مختلف مقامات پر آگ لگنے، بجلی کی بندش اور سڑکوں و پلوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ حکام نقصانات کا مکمل جائزہ لے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فلپائن میں 7.8 شدت کا زلزلہ، عمارتیں منہدم، ایشیا بھر میں سونامی الرٹ جاری
زلزلے سے کیوشو الیکٹرک پاور کے مطابق تقریباً 40 ہزار گھروں کی بجلی منقطع ہوگئی، جبکہ ریلوے کمپنی جے آر کیوشو نے تیز رفتار بلٹ ٹرین سمیت تمام اہم ریل سروسز عارضی طور پر معطل کردیں۔
زلزلے سے متاثرہ علاقے میں دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے کارخانے بھی موجود ہیں، جن میں سونی اور دنیا کی سب سے بڑی چِپ ساز کمپنی ٹی ایس ایم سی شامل ہیں۔ سونی نے صورتحال کا جائزہ لینے کی تصدیق کی ہے، جبکہ ٹی ایس ایم سی کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
جاپان کے جوہری ریگولیٹری ادارے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں موجود جوہری بجلی گھروں میں کسی غیر معمولی صورتحال کی اطلاع نہیں ملی۔
یہ بھی پڑھیں: تائیوان میں 7.0 شدت کا زلزلہ، عمارتیں لرز گئیں، بجلی کی فراہمی متاثر
جاپان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں زلزلے سب سے زیادہ آتے ہیں۔ یہ ملک بحرالکاہل کے گرد واقع رِنگ آف فائر پر واقع ہے، جہاں دنیا کے تقریباً 20 فیصد ایسے زلزلے آتے ہیں جن کی شدت 6.0 یا اس سے زیادہ ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ تقریباً دس سال قبل کوماموتو میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں 275 افراد ہلاک اور 2 ہزار 739 زخمی ہوئے تھے۔














