وزیراعظم کی ہدایت پر بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے سفارتخانوں کی خدمات ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ

جمعرات 30 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے سفارتخانوں میں خدمات کی مزید ڈیجیٹائزیشن، دستاویزات کے تصدیقی عمل کو آسان بنانے اور شکایات کے نظام کو مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سمندر پار پاکستانیوں سے اظہارِ تشکر، اکتوبر میں ترسیلاتِ زر 3.4 ارب ڈالر سے زائد

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وزارت خارجہ، مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفراء، وزارت داخلہ، ایف آئی اے، وزارت آئی ٹی اور دیگر متعلقہ اداروں نے بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے پاور آف اٹارنی، جائیداد کی خرید و فروخت اور دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو آسان بنانے کے لیے کیو آر (QR) کوڈ متعارف کرا دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سفارتخانوں میں کیو آر کوڈ نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے اور بیرون ملک پاکستانیوں کو اس نظام سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی مہم چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ڈیجیٹل شکایتی نظام سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارت خارجہ کے اسلام آباد دفتر میں شام کی شفٹ کا آغاز، آسان خدمت مرکز میں دستاویزات کی تصدیق، کورئیر سروس کے ذریعے تصدیقی عمل اور ہائر ایجوکیشن کمیشن، انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن، نادرا اور نیشنل پولیس بیورو کے ڈیٹا بیس سے ربط قائم ہونے کے بعد تصدیقی عمل مزید تیز اور آسان ہو گیا ہے۔

مزید پڑھیں:بھارت کو فاش غلطی کا خمیازہ ضرور بھگتنا ہوگا، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا قوم سے خطاب

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپوسٹائل (Apostille) نظام کے تحت تصدیقی عمل کو ون اسٹاپ بنا دیا گیا ہے، جبکہ پورے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے لیے این آئی ٹی بی کے تعاون سے موبائل ایپلی کیشن تیار کی جا رہی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے مستقبل میں برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ، میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ سمیت دیگر دستاویزات کی ڈیجیٹل تصدیق بھی ممکن ہوگی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، چوہدری سالک حسین، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت عون چوہدری، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp