وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر واسا سروسز کا دائرہ 99 تحصیلوں تک بڑھانے کا فیصلہ

پیر 3 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے میں واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی یعنی واسا کے دائرۂ کار کو ضلعی سطح سے بڑھا کر تحصیل سطح تک توسیع دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے کی 99 تحصیلوں میں بھی واسا کی سروسز فراہم کی جائیں گی۔

ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق شہری علاقوں میں کامیاب فلڈ مینجمنٹ کے تجربے کے بعد حکومت نے دیہی علاقوں کو بھی واسا کی جدید خدمات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ نکاسیٔ آب کا نظام مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: واسا پنجاب سیوریج فلیٹ فیز ون کا افتتاح، 15 اضلاع کو مطلوبہ گاڑیاں اور مشینری کی فراہمی

ترجمان کے مطابق سیکریٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر متعلقہ حکام کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں واسا کی توسیع کے نئے مرحلے کا فوری آغاز کیا جائے اور تمام تحصیلوں تک اس نظام کی فراہمی کے لیے ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کے تحت واسا ایجنسیوں کا نیٹ ورک تحصیل سطح تک وسیع کیا جائے گا، جبکہ ڈی سلٹنگ مہمات، جدید سیوریج پلاننگ اور نکاسیٔ آب کے نئے نظام بھی متعارف کرائے جائیں گے، جس سے دیہی آبادیوں کو جدید شہری سہولیات میسر آئیں گی اور بارشوں کے دوران نکاسی آب کا نظام مزید مؤثر ہو سکے گا۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں جدید سیوریج نظام کی اپ گریڈیشن، 15 اضلاع کے لیے 272 نئی مشینیں

ترجمان کے مطابق عوامی آگاہی کے لیے خصوصی مہمات بھی چلائی جائیں گی، جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کے ذریعے بھی شہریوں تک صفائی، نکاسیٔ آب اور احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی پیغامات پہنچائے جائیں گے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ واسا سروسز کی توسیع سے دیہی علاقوں میں نکاسیٔ آب اور شہری سہولیات کی فراہمی بہتر ہوگی۔ اس منصوبے کی سمری منظوری کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp