گھر کی صفائی اور خصوصاً کھڑکیوں کی صفائی بظاہر ایک معمولی کام دکھائی دیتی ہے لیکن اسے باقاعدگی، صفائی اور مہارت کے ساتھ انجام دینا اتنا آسان نہیں ہوتا۔ دنیا بھر میں لاکھوں خواتین اور مرد روزمرہ زندگی میں یہ ذمہ داری نبھاتے ہیں مگر اکثر اس محنت کو وہ اہمیت نہیں ملتی جس کی یہ مستحق ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی شہری نے ایک منٹ میں 15 فِش فنگرز کھا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا
شاید اسی لیے بہت سے لوگوں کو یہ جان کر حیرت ہو کہ کھڑکیاں صاف کرنے کی مہارت پر باقاعدہ عالمی مقابلے بھی منعقد ہوتے ہیں جہاں مختلف ممالک کے پیشہ ور صفائی کارکن چند سیکنڈز میں شیشے چمکا کر اپنی رفتار اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
دنیا بھر میں صفائی کو عام گھریلو کام سمجھا جاتا ہے لیکن پیشہ ور افراد کے لیے کھڑکیاں صاف کرنا ایک باقاعدہ مہارت ہے جس کا عالمی مقابلہ بھی منعقد ہوتا ہے۔
ورلڈ ونڈو کلیننگ ورلڈ کپ میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہر صفائی کارکن رفتار اور بہترین صفائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کا مقابلہ کرتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس منفرد مقابلے میں شرکا کو مخصوص سائز کے اسکویجی صفائی کے محلول، پانی کی بالٹی، ایپلی کیٹر اور کپڑا فراہم کیا جاتا ہے۔ ان اوزاروں کی مدد سے انہیں 3 شیشوں کو کم سے کم وقت میں مکمل طور پر صاف کرنا ہوتا ہے جبکہ صفائی کے معیار پر بھی سخت نظر رکھی جاتی ہے۔
مزید پڑھیے: خوف سے محبت تک، شارک نے خاتون کو گنیز ورلڈ ریکارڈ دلا دیا
مقابلے کے نمایاں شرکا میں 71 سالہ ٹیری بروز بھی شامل ہیں جنہیں کھڑکیاں صاف کرنے کی دنیا کا لیجنڈ قرار دیا جاتا ہے۔ انہوں نے سنہ 2009 میں صرف 9.14 سیکنڈ میں تین کھڑکیاں بے عیب انداز میں صاف کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا جو آج تک برقرار ہے۔
مقابلے کے دوران 3 ججز ہر شریک کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہیں۔ شرکا کو مخصوص انداز میں S کی شکل میں اسکویجی چلانا ہوتی ہے تاکہ شیشے پر پانی یا میل کا کوئی نشان باقی نہ رہے۔ صفائی مکمل ہونے پر شریک بلند آواز میں ’اسٹاپ‘ کہتا ہے جس کے ساتھ ہی وقت روک دیا جاتا ہے۔
تاہم اس مقابلے میں صرف تیزی کافی نہیں ہوتی بلکہ صفائی کا معیار بھی فیصلہ کن کردار ادا کرتا ہے۔ اگر شیشے پر پانی کی بوند، لکیر یا دھبہ رہ جائے تو ہر خامی پر 0.5 سیکنڈ جرمانہ عائد کیا جاتا ہے جبکہ نمایاں دھبے یا موٹی لکیروں پر ایک سیکنڈ اضافی سزا دی جاتی ہے۔
منتظمین کے مطابق اس عالمی مقابلے کا مقصد پیشہ ور کھڑکیاں صاف کرنے والوں کی مہارت کو اجاگر کرنا اور یہ ثابت کرنا ہے کہ بظاہر آسان دکھائی دینے والا یہ کام بھی اعلیٰ تربیت، مشق اور غیر معمولی مہارت کا تقاضا کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: دیوہیکل سیارچہ زمین کے قریب سے گزرے گا، پاکستان میں بنا دوربین کب دیکھا جاسکے گا؟
یاد رہے کہ ورلڈ ونڈو کلیننگ چیمپیئن شپ کا آغاز سنہ 1995 میں برطانیہ سے ہوا جہاں پہلی بار پیشہ ور ونڈو کلینرز کے درمیان رفتار، مہارت اور صفائی کے معیار پر مبنی عالمی مقابلے منعقد کیے گئے۔ اسی سال مقابلے کے باضابطہ اصول بھی متعارف کرائے گئے اور برطانوی ونڈو کلینر ٹیری ٹربو بروز نے عالمی ریکارڈ قائم کیا جس نے اس مقابلے کو عالمی شہرت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس مقابلے میں پیشہ ور شیشہ صاف کرنے والوں کی رفتار، مہارت اور صفائی کے معیار کو مقابلے کی صورت میں پرکھا جاتا ہے۔ اس مقابلے میں شرکا کو مقررہ وقت میں مخصوص سائز کی کھڑکیوں کو مکمل طور پر صاف کرنا ہوتا ہے جبکہ معمولی دھبے یا لکیر رہ جانے پر بھی جرمانہ پوائنٹس دیے جاتے ہیں۔
وقت کے ساتھ یہ مقابلہ بین الاقوامی سطح پر مقبول ہوتا گیا اور آج مختلف ممالک کے ماہر ونڈو کلینرز اس میں حصہ لیتے ہیں۔ مقابلوں میں صرف رفتار ہی نہیں بلکہ صفائی کی درستگی، تکنیک اور پیشہ ورانہ مہارت کو بھی جانچا جاتا ہے جس کی وجہ سے اسے اس شعبے کا غیر رسمی ’ورلڈ کپ‘ بھی کہا جاتا ہے۔
اس قسم کے عالمی مقابلوں نے ونڈو کلیننگ کو محض ایک روزمرہ پیشہ نہیں رہنے دیا بلکہ اسے ایک مہارت پر مبنی پیشہ ورانہ کھیل کی شکل دے دی ہے جس کے ذریعے جدید آلات، محفوظ طریقہ کار اور صفائی کے بین الاقوامی معیار کو بھی فروغ مل رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: کیا ہم اگلی دہائی میں خلائی مخلوق کا سراغ پا لیں گے؟
واضح رہے کہ ونڈو کلیننگ کے مقابلے اس سے پہلے بھی مختلف تجارتی نمائشوں میں ہوتے رہے تھے لیکن عالمی سطح پر باقاعدہ ’ورلڈ چیمپئن شپ‘ کی موجودہ شکل اور معیاری قواعد سنہ 1995 سے منسلک سمجھے جاتے ہیں۔













