چین کے صوبے ہونان میں ایک شخص نے شراب کے نشے میں ڈرائیونگ کے مقدمے سے بچنے کے لیے اپنی ہی موت کا ڈرامہ رچاتے ہوئے جعلی تدفین کروائی اور پھر فرار ہوگیا تاہم پولیس نے کئی ماہ بعد اسے گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا: ’ہوئے مر کے ہم جو رسوا‘، ایک مبینہ چور کی موت کے 128 برس بعد تدفین
چینی پولیس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ سال جنوری میں پیش آیا جب ’سی‘ نامی شخص کو شراب کے نشے میں گاڑی چلاتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ وہ اس سے قبل بھی 2 مرتبہ بغیر لائسنس اور نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے پکڑا جا چکا تھا اس لیے تیسری بار جرم ثابت ہونے پر اسے قید کی سزا کا سامنا تھا۔
پولیس کے مطابق ضمانت پر رہائی کے بعد ملزم نے قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے اپنی موت کا ڈرامہ رچانے کا منصوبہ بنایا اور اس میں اپنی والدہ اور دادی کو بھی شامل کر لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال جون میں خاندان نے پہلے ایک تابوت خریدا اور پھر ملزم نے اپنے گھر میں خالی ادویات کی بوتلیں بکھیر دیں تاکہ ایسا لگے کہ اس کی موت زائد مقدار میں دوا کھانے سے ہوئی ہے۔ اس نے اپنی سانس روکنے کی مشق بھی کی اور جسم کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے خصوصی آلات استعمال کیے تاکہ وہ مردہ دکھائی دے۔
پولیس کے مطابق محلے کے چند افراد نے مبینہ طور پر اس کی لاش بھی دیکھی تاہم اس کی والدہ اور دادی نے اس کا چہرہ کپڑے سے ڈھانپا ہوا تھا اور لوگوں کو بتایا کہ ادویات کے اثر سے چہرہ بگڑ گیا ہے اسی وجہ سے اسے نہیں دکھایا جا سکتا۔
مزید پڑھیے: ’بیٹ مین‘ میکسیکو میں: چوروں کو ڈھونڈ کر کھمبے سے باندھ دینا اس کا مشغلہ، پولیس پیچھے لگ گئی
اسی روز اس کا جعلی جنازہ ادا کیا گیا اور جب تابوت کو قبر میں اتارا جا رہا تھا اس وقت ملزم پہلے ہی چین کے صوبے یوننان کی جانب روانہ ہو چکا تھا۔
تاہم پولیس کو جلد ہی کئی مشکوک پہلوؤں کا علم ہوا۔ تحقیقات میں سامنے آیا کہ تابوت مبینہ موت سے پہلے خریدا گیا تھا نہ ہی کسی نے ایمبولینس بلائی اور نہ ہی پولیس کو موت کی اطلاع دی گئی۔
مزید چھان بین سے معلوم ہوا کہ ملزم کے نام کا کوئی ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری نہیں ہوا تھا اور نہ ہی اس کی تدفین یا آخری رسومات کا کوئی سرکاری ریکارڈ موجود تھا۔
پولیس کے مطابق کسی ہمسائے نے تدفین سے قبل اس کا چہرہ بھی نہیں دیکھا تھا جس سے شکوک مزید بڑھ گئے۔
بعد ازاں نگرانی کے کیمروں کی فوٹیج اور بینک ریکارڈ سے ثابت ہوگیا کہ ملزم زندہ ہے جس کے بعد اس کی تلاش شروع کی گئی۔ بالآخر رواں سال اپریل میں اسے گرفتار کر لیا گیا۔
مزید پڑھیں: 50 برس اندھا بن کر لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے والا نوسرباز پکڑا کیسے گیا؟
چینی پولیس کے مطابق عدالت نے ملزم کو 5 ماہ قید اور 20 ہزار یوان جرمانے کی سزا سنائی ہے جبکہ اس کی والدہ اور دادی کے خلاف بھی ایک ملزم کو چھپانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو گمراہ کرنے کے الزام میں علیحدہ فوجداری تحقیقات جاری ہیں۔














