امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں جمود برقرار رہنے کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو کاروبار کے آغاز پر مثبت رجحان دیکھنے میں آیا۔
سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری کے باعث بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی معیشت میں بہتری: اسٹاک مارکیٹ اور سونے چاندی میں سرمایہ کاری کب کی جائے؟
صبح 9 بج کر 45 منٹ تک کے ایس ای 100 انڈیکس 297.69 پوائنٹس یا 0.17 فیصد اضافے کے ساتھ 178,497.71 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
مارکیٹ میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور بجلی پیدا کرنے والے شعبوں میں نمایاں خریداری دیکھی گئی۔
PSX Opened Positive 🚀
☀️ KSE 100 opened positive by +290.74 points this morning. Current index is at 178,490.76 points (9:45 AM) pic.twitter.com/s0lARDEZo7— Investify Pakistan (@investifypk) August 4, 2026
حبکو، ماری انرجیز، پاکستان آئل فیلڈز، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، پاکستان اسٹیٹ آئل، سوئی سدرن گیس کمپنی، مسلم کمرشل بینک، میزان بینک اور نیشنل بینک جیسے انڈیکس میں زیادہ وزن رکھنے والے حصص سبز زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔
مارکیٹ کے لیے ایک اہم مثبت پیش رفت یہ بھی رہی کہ ادارہ شماریات کے مطابق جولائی 2026 میں ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح کم ہو کر 9.2 فیصد رہ گئی، جس کے بعد افراطِ زر دوبارہ سنگل ڈیجٹ میں آ گئی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی تاریخی بلندی کا ملک کی معیشت سے کتنا تعلق ہے؟
پیر کے روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست بحالی دیکھی گئی تھی، مشرق وسطیٰ میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی میں کمی اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں گراوٹ کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا، جس کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں وسیع پیمانے پر خریداری ہوئی۔
اس روز کے ایس ای 100 انڈیکس 2,105.91 پوائنٹس یعنی 1.20 فیصد اضافے کے ساتھ 178,200.02 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹوں میں بھی محتاط مثبت رجحان دیکھا گیا، ایشیائی حصص بازاروں نے عالمی ریلی کے اثرات کے تحت معمولی اضافہ ریکارڈ کیا، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان تنازع جمود کا شکار رہنے کے باعث تیل کی قیمتیں حالیہ ہفتوں کی کم ترین سطح کے قریب رہیں۔
ایم ایس سی آئی کے ایشیا پیسیفک انڈیکس میں 0.1 فیصد اضافہ ہوا، جس کی قیادت جنوبی کوریا کی مارکیٹ نے کی، جہاں حصص 2.1 فیصد تک چڑھ گئے۔
تاہم جاپان کا نکی 225 انڈیکس 0.3 فیصد نیچے آیا، جبکہ ایس اینڈ پی 500 ای منی فیوچرز میں 0.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا شاندار آغاز، انڈیکس میں 2,300 سے زائد پوائنٹس اضافہ
امریکی مارکیٹوں کو پیر کی شب اس وقت تقویت ملی جب اعداد و شمار سے ظاہر ہوا کہ جولائی میں امریکا کی مینوفیکچرنگ سرگرمیاں گزشتہ 4 برس سے زائد عرصے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، جس کے بعد ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔
ادھر ایشیائی تجارت کے آغاز پر خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ دیکھا گیا، برینٹ کروڈ کی قیمت 0.6 فیصد اضافے کے ساتھ 84.29 ڈالر فی بیرل رہی۔













