امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کی امیدوں کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کو کاروباری ہفتے کا آغاز زبردست تیزی کے ساتھ ہوا، جہاں انڈیکس ابتدائی چند منٹوں میں تقریباً 2,400 پوائنٹس بڑھ گیا۔
صبح 9 بج کر 40 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 2,372.14 پوائنٹس یعنی 1.35 فیصد اضافے کے بعد 178,466.25 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی معیشت میں بہتری: اسٹاک مارکیٹ اور سونے چاندی میں سرمایہ کاری کب کی جائے؟
مارکیٹ میں کمرشل بینکوں، سیمنٹ، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور بجلی پیدا کرنے والے شعبوں میں نمایاں خریداری دیکھی گئی۔
حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک، میزان بینک، نیشنل بینک، او جی ڈی سی ایل، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، پاکستان آئل فیلڈز، پاکستان اسٹیٹ آئل اور حب پاور جیسے انڈیکس میں زیادہ وزن رکھنے والے حصص سبز زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔
PSX Opened Positive 🚀
☀️ KSE 100 opened positive by +2365.1 points this morning. Current index is at 178,459.22 points (9:45 AM) pic.twitter.com/9soRSVmJaq— Investify Pakistan (@investifypk) August 3, 2026
گزشتہ ہفتے بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے 3 ہفتوں سے جاری مندی کا سلسلہ توڑتے ہوئے نمایاں بحالی دکھائی تھی۔
امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے بعد جغرافیائی سیاسی کشیدگی میں کمی سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آئی۔
مزید پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ سنبھل گئی، انڈیکس ایک لاکھ 76 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا
اسی دوران عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں ہفتہ وار بنیاد پر تقریباً 9 فیصد کمی واقع ہوئی اور قیمت 90 ڈالر فی بیرل سے نیچے آگئی، جس سے سرمایہ کاروں کی رسک لینے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا اور کے ایس ای 100 انڈیکس نے ہفتے کے دوران 5 ہزار سے زائد پوائنٹس کی بحالی ریکارڈ کی۔
ہفتہ وار مارکیٹ جائزے کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس 5,072.93 پوائنٹس، یعنی تقریباً 3 فیصد اضافے کے بعد 176,094.13 پوائنٹس پر بند ہوا۔

دوسری جانب عالمی مالیاتی منڈیوں میں بھی مشرق وسطیٰ میں امن کی امیدوں کے باعث تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی، جبکہ اسٹاک مارکیٹوں میں ملا جلا رجحان رہا۔
برینٹ خام تیل کے فیوچر معاہدوں کی قیمت 6 فیصد سے زیادہ گر کر 82.41 ڈالر فی بیرل تک آگئی، جس کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات پیر کو ہوں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی تاریخی بلندی کا ملک کی معیشت سے کتنا تعلق ہے؟
اس سے قبل صدر ٹرمپ نے ایران پر ممکنہ حملہ مؤخر کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق تنازع کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کو ترجیح دینے کا عندیہ دیا تھا۔
عالمی منڈیوں میں ایس اینڈ پی 500 فیوچر میں 0.4 فیصد اور نیسڈیک فیوچر میں 0.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جاپان کا نکی انڈیکس ایک فیصد اور جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس 3.6 فیصد گر گیا۔ ایشیا پیسیفک خطے کے حصص کا ایم ایس سی آئی انڈیکس بھی ابتدائی کاروبار میں تقریباً ایک فیصد نیچے رہا۔














