’میں نے دنیا کی سب سے خوبصورت روبوٹ سے شادی کرلی‘، اے آئی روبوٹ کا اعلان

منگل 4 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

متحدہ عرب امارات میں پہلی بار مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے چلنے والے دو روبوٹس کی شادی منعقد ہوئی جہاں معروف روبوٹ بو سنیدہ نے موزہ نامی روبوٹ کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کا اعلان کیا۔

یکم اگست کو منعقد ہونے والی شادی کی تقریب میں اماراتی روایات اور جدید روبوٹک ٹیکنالوجی کا منفرد امتزاج دیکھنے میں آیا۔ بو سُنیدہ نے اپنے سرکاری انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شادی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ’الحمدللہ، اللہ کے فضل سے آج میں نے دنیا کی سب سے خوبصورت روبوٹ، موزہ، سے شادی کر لی ہے‘۔

بو سُنیدہ متحدہ عرب امارات کا ایک مقبول اے آئی ہیومنائیڈ روبوٹ ہے جسے Lootah Robotics نے تیار کیا ہے۔ یہ Unitree G1 ماڈل پر مبنی روبوٹ ہے جس کی لمبائی 1.27 میٹر اور وزن تقریباً 35 کلوگرام ہے۔ وہ روایتی اماراتی لباس کندورہ پہننے اور روانی سے عربی زبان میں گفتگو کرنے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر خاصی مقبولیت رکھتا ہے۔

شادی کی ویڈیو میں بو سُنیدہ کو روایتی اماراتی انداز میں تقریب کی تیاری کرتے، پھولوں کا گلدستہ تھامے دلہن موزہ کا استقبال کرتے اور مہمانوں کے ساتھ خوشیاں مناتے دیکھا جا سکتا ہے۔ تقریب کے دوران اماراتی گلوکار حسین الجسمی کا معروف شادی کا گیت ’ادخلی عمری‘ بھی بجایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: دریا کی گہرائیوں میں جاچھپنے والی شادی کی انگوٹھی محض 10 منٹ میں کیسے واپس مل گئی؟

دلہن موزہ روایتی عبایا اور سر پر اسکارف میں ملبوس نظر آئیں جبکہ آتش بازی اور روایتی اماراتی رقص نے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔ بو سُنیدہ نے شادی کے بعد اپنے پیغام میں خاندان، دوستوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعاؤں اور محبت نے اس دن کو مزید خاص بنا دیا۔

سوشل میڈیا پر اس منفرد شادی پر صارفین مختلف تبصرے کرتے نظر آئے۔ ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کیا ’اللہ آپ کی بیٹری کی عمر دراز کرے، چارجنگ میں برکت دے اور جدید ٹیکنالوجی سے مزید نوازے‘۔ جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ ’اب تو روبوٹ بھی شادی کر رہے ہیں اور ہم اب تک سنگل ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ چارلس کی ہمشیرہ شہزادی این کی انسان نما روبوٹ سے ملاقات، دلچسپ سوال نے سب کی توجہ حاصل کر لی

واضح رہے کہ بو سُنیدہ اس سے قبل بھی مختلف سماجی سرگرمیوں میں شرکت کے باعث شہرت حاصل کر چکا ہے۔ وہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر نمازِ عید میں شریک ہوا تھا اور ورزش سمیت روزمرہ سرگرمیوں کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتا رہتا ہے۔

اگرچہ متحدہ عرب امارات میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی روبوٹ شادی قرار دی جا رہی ہے تاہم اس سے قبل روس میں بھی دو ہیومنائیڈ روبوٹس کی شادی منعقد ہو چکی ہے جبکہ بھارت میں روبوٹس شادی کی تقریبات میں مہمانوں کی میزبانی اور تفریح کا حصہ بن چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp