امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز کھولنے پر پیشرفت ہوئی ہے، مارکو روبیو

منگل 4 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی بحال کرنے کی کوششوں میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا، ایران اور عمان کے درمیان جاری مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے تاہم حتمی معاہدہ ابھی طے نہیں پایا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، آبنائے ہرمز جلد کھل جائےگی، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی محکمہ خارجہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ مذاکرات آگے بڑھ رہے ہیں اور امید ہے کہ جلد کسی نتیجے تک پہنچا جا سکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ فوری مقصد آبنائے ہرمز سے مزید بحری جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانا ہے جبکہ طویل المدتی مذاکرات میں ایران کے جوہری پروگرام کا معاملہ بھی شامل ہوگا۔

روبیو نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا امریکا کے لیے ایک بنیادی مقصد ہے اور ایران کو جوہری ہتھیار نہ رکھنے کی پالیسی پر اتفاق کرنا ہوگا۔

پاکستان، قطر اور عمان کی سفارتی کوششیں

امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں پاکستان، قطر اور عمان بھی ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے تصدیق کی ہے کہ تینوں ممالک فریقین کے درمیان رابطوں کو آسان بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیے: ٹرمپ کا ایران پر نئے حملے سے گریز، تیل کی قیمتوں میں 5 فیصد سے زائد کمی

انہوں نے کہا کہ قطر، پاکستان اور عمان مشترکہ طور پر دونوں ممالک کے درمیان پیغامات، تجاویز اور مسودوں کے تبادلے میں مدد کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق فوری کوشش یہ ہے کہ کوئی مختصر مدتی حل نکالا جائے تاکہ وسیع تر مذاکراتی عمل دوبارہ شروع ہو سکے۔

آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کی امید

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ امریکا اور ایران آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے جلد کسی معاہدے تک پہنچ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت جاری ہے اور امکان ہے کہ جلد ایسا سمجھوتا ہو جائے جس کے بعد آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حرکت معمول پر آ سکے گی۔

بیسنٹ کے مطابق آبنائے ہرمز سے متعلق کسی معاہدے کے بعد توانائی کی عالمی قیمتوں میں بھی استحکام آنے کی توقع ہے کیونکہ کئی بحری جہاز اس اہم سمندری راستے سے گزرنے کے منتظر ہیں۔

ٹرمپ کا دعویٰ، ایران سے بات چیت جاری ہے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا مقصد آبنائے ہرمز کو کھولنا اور بعد ازاں ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: ایران سے مذاکرات جاری ہیں، اب معاہدہ ہوگا یا سرنڈر، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ ایران کے لیے ایک اہم موقع ہے اور معاہدے کے ذریعے ہی موجودہ بحران کا حل ممکن ہے۔

تاہم ایران نے اس سے قبل امریکا کے ساتھ براہ راست مذاکرات کی تردید کی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ تہران کی بات چیت فی الحال عمان کے ساتھ ہے جس کا مقصد آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو محفوظ بنانا ہے۔

پاکستان کا ثالثی میں کردار

امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی میں پاکستان مسلسل سفارتی رابطوں میں مصروف ہے۔ پاکستانی حکام کے مطابق اسلام آباد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق پاکستان اور قطر امریکا اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات کے لیے تاریخ اور مقام طے کرنے میں بھی مدد فراہم کر رہے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان اور قطر کی کوششوں سے ایک مفاہمتی یادداشت کا فریم ورک سامنے آیا تھا جس میں جنگ بندی، آبنائے ہرمز کی بحالی اور ایران کے جوہری پروگرام سمیت دیگر معاملات پر بات چیت شامل تھی۔

مشرق وسطیٰ میں کئی ماہ سے جاری کشیدگی کے دوران آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم راستہ سمجھا جاتا ہے اسی لیے اس کی بندش یا محدود آمد و رفت نے عالمی منڈیوں میں تشویش پیدا کر رکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: حملہ ہوا تو توانائی تنصیبات نشانہ بنیں گی،ایران کا امریکا اور اسرائیل کو سخت انتباہ، ٹرمپ نے جنگ جاری رہنے کا اشارہ دے دیا

یاد رہے کہ پاکستان کی ثالثی کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کا فریم ورک سامنے آیا تھا جس کے تحت امریکا اور ایران نے فوجی کشیدگی روکنے، آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کے لیے دوبارہ کھولنے اور جوہری پروگرام، پابندیوں اور مستقل جنگ بندی سے متعلق وسیع تر مذاکرات پر اتفاق کیا تھا۔ موجودہ سفارتی سرگرمیوں کا مقصد اسی عمل کو دوبارہ فعال کرنا اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مذاکراتی راستہ بحال کرنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

گندھارا تہذیب اور بدھ مت کے تاریخی آثار: اسلام آباد کے شاہ اللہ دتہ غاروں کو عالمی توجہ کا مرکز بنانے کی تیاری

دوسرا ٹیسٹ: پاکستان 387 رنز بنا کر آؤٹ، ویسٹ انڈیز پر 43 رنز کی برتری حاصل کرلی

انتخابات شفاف ہوئے، دھاندلی کے الزامات لگانے والے ثبوت پیش کریں، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر

شرمین علی، سنیتا مارشل اور صائمہ قریشی کا بچوں کو خودمختار بنانے پر زور

پاکستانی ڈرامے نیٹ فلکس کا مقابلہ کرسکتے ہیں، فیصل قریشی

ویڈیو

گندھارا تہذیب اور بدھ مت کے تاریخی آثار: اسلام آباد کے شاہ اللہ دتہ غاروں کو عالمی توجہ کا مرکز بنانے کی تیاری

محسن نقوی نئے صوبوں کا بیان دینے کے بعد کہاں غائب، نواز شریف نے پارٹی کو بیان دینے سے کیوں منع کیا؟

وی ایکسکلوسیو: محسن نقوی کے بیان سے مسلم لیگ ن کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، انہوں نے غلط وقت پر غلط بیان دیا، عظمیٰ بخاری

کالم / تجزیہ

پہلا دروازہ

خبردار، نظام اسی مہینے میں ری سیٹ ہوسکتا ہے

جاوید میانداد کی ایک ناقابل فراموش اننگز کا تذکرہ